• KHI: Sunny 25.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.9°C
  • ISB: Cloudy 18.7°C
  • KHI: Sunny 25.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.9°C
  • ISB: Cloudy 18.7°C

پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کی اسلام آباد ایئرپورٹ پر حادثہ ٹلنے کی تردید

شائع November 26, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے بدھ کو اُن میڈیا رپورٹس کی تردید کی ہے جن میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر غیر ملکی فضائی کمپنی کا ایک طیارہ غیرفعال رن وے پر لینڈنگ سے بال بال بچا اور حادثہ ٹل گیا، اتھارٹی نے کہا ہے کہ یہ ایک معیاری اور بین الاقوامی طور پر رائج حفاظتی اقدام تھا۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب منگل کو ذرائع ابلاغ کے متعدد اداروں نے رپورٹ کیا تھا کہ سعودی ایئرلائنز کی جدہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز ایس وی 278 ایک بڑے حادثے سے اس وقت بچ گئی جب ایئر ٹریفک کنٹرولر نے پائلٹ کو بروقت غلط رن وے پر لینڈنگ سے روک دیا۔

فلائٹ ٹریکر فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق یہ پرواز شام 4بج کر5 منٹ پر پہنچنے کے لیے شیڈول تھی، لیکن ایک گھنٹے سے زیادہ کی تاخیر کے بعد شام 5 بج کر 13 منٹ پر لینڈ ہوئی۔

پی اے اے نے آج جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرواز ایس وی 728 سے متعلق حالیہ گو اَراؤنڈ ایک معیاری اور بین الاقوامی طور پر اپنایا جانے والا حفاظتی اقدام تھا، جو مکمل طور پرطے شدہ پروٹوکولز کے مطابق انجام دیا گیا۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق گو اَراؤنڈ ایک محفوظ اور معمول کا عمل ہے، جس میں لینڈنگ اپروچ ختم کر کے طیارے کو دوبارہ اونچائی اور ترتیب میں لایا جاتا ہے تاکہ لینڈنگ کی ایک اور محفوظ کوشش کی جا سکے۔

اتھارٹی نے وضاحت کی کہ گو اَراؤنڈ ایک عام اور غیر ہنگامی طریقہ کار ہے، جو اعلیٰ ترین فضائی عمل کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا جاتا ہے۔

اپنے بیان میں پی اے اے نے میڈیا اداروں سے درخواست کی کہ معمول کے فضائی آپریشنز کو سنسنی خیز انداز میں پیش نہ کیا جائے۔

اتھارٹی نے خبردار کیا کہ سنسنی خیز رپورٹنگ غیر ضروری طور پر مسافروں میں تشویش پیدا کر سکتی ہے اور معمول کے فضائی طریقہ کار کے بارے میں غلط فہمیاں جنم دے سکتی ہے۔

اس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی میڈیا کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تصدیق شدہ معلومات پر مبنی ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

اتھارٹی نے مزید کہا کہ وہ شفافیت اور پاکستان کے تمام ہوائی اڈوں پر اعلیٰ ترین حفاظتی معیار برقرار رکھنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025