دوسری شادی کا اعلان مذاق میں کیا تھا، ٹک ٹاکر اذلان شاہ
معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر اذلان شاہ دوسری شادی کے اعلان سے مکر گئے اور تصدیق کی ہے کہ انہوں نے دوسری شادی کا اعلان مذاق میں کیا تھا، جس پر وہ مداحوں سے معذرت خواہ بھی ہیں۔
اذلان شاہ نے گزشتہ شب انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا تھا کہ ایک اہم بات وہ سب سے شیئر کرنا چاہتے ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ بطور معروف شخصیت یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود اس معاملے پر بات کریں، اس سے پہلے کہ لوگوں کو یہ بات کسی اور ذریعے سے معلوم ہو۔
اذلان شاہ نے لکھا تھا کہ یہ صورتحال ان کے لیے خاصی عجیب ہے لیکن وہ دوبارہ شادی کر رہے ہیں اور اس حوالے سے ان کی پہلی اہلیہ نے بھی رضامندی دے دی ہے۔
انہوں نے لکھا تھا کہ چونکہ یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے، اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ ان کی فیملی کو اس تمام صورتحال سے دور رکھا جائے۔
ان کی جانب سے بیوی کی رضامندی سے دوسری شادی کے اعلان پر بعض لوگ پریشان بھی دکھائی دیے تھے اور ان پر تنقید بھی کی گئی تھی، جس کے بعد اب انہوں نے وضاحتی ویڈیو جاری کردی۔
اذلان شاہ نے اہلیہ کے ہمراہ مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے دوسری شادی کی بات مذاق میں کہی تھی، ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چوں کہ ان کی شادی کی سالگرہ آ رہی ہے، اس لیے وہ اپنی ہی بیوی سے دوبارہ شادی کرنے جا رہے ہیں۔
ان کے ساتھ اہلیہ وریشہ جاوید خان بھی ویڈیو میں دکھائی دیں، جنہوں نے شوہر کو کہا کہ انہوں نے غلط انداز میں مذاق کیا تھا۔
اہلیہ کی بات پر اذلان شاہ نے اعتراف کیا کہ ان کا مذاق کرنے کا انداز غلط تھا، جس پر انہوں نے مداحوں سے معافی بھی مانگی۔
یوٹیوبر کا کہنا تھا کہ زیادہ تر لوگ سمجھ گئے تھے کہ ان کی شادی کی سالگرہ آ رہی ہے، اس لیے وہ مذاق کر رہے ہیں، وہ دوسری شادی نہیں کریں گے۔
یوٹیوبر نے مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ان کا دوسری شادی کا کوئی ارادہ نہیں، البتہ وہ سالگرہ کے موقع پر اہلیہ سے ہی دوبارہ شادی کریں گے۔
اذلان شاہ نے 2022 میں سوشل میڈیا انفلوئنسر ڈاکٹر وریشہ جاوید خان سے شادی کی تھی اور ان کی ایک 2 سالہ بیٹی بھی ہے۔












لائیو ٹی وی