• KHI: Clear 24.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.5°C
  • ISB: Cloudy 13.9°C
  • KHI: Clear 24.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.5°C
  • ISB: Cloudy 13.9°C

سمندری طوفان کے باعث کولمبو میں سیلاب، اموات 159 تک جا پہنچیں، 203 افراد لاپتہ

شائع November 30, 2025
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

سری لنکا میں طاقتور سمندری طوفان کے سبب ملک کے مختلف حصوں میں اتوار کوپانی کی سطح بلند ہونے کے باعث ہنگامی حالات پیدا ہو گئے، جس کے نتیجے میں کم از کم 159 افراد ہلاک اور 203 لاپتہ ہو گئے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر (ڈی ایم سی) کے مطابق کولمبو کے شمالی حصے میں شدید سیلاب کا سامنا ہے کیونکہ کیلانی دریا کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

ڈی ایم سی کے اہلکار نے بتایا کہ ’اگرچہ سمندری طوفان ملک سے گزر گیا ہے، لیکن بالائی علاقوں میں ہونے والی موسلا دھار بارشیں کیلانی دریا کے کناروں کے نزدیک نچلے علاقوں میں سیلاب کا سبب بن رہی ہیں‘۔

صدر انورا کمار دسانایکے نے سمندری طوفان کے بعد کے حالات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے اور بین الاقوامی امداد کی اپیل کی ہے۔

بھارت نے فوری ردعمل دیتے ہوئے امدادی سامان اور دو ہیلی کاپٹر عملے کے ساتھ بھیجے جو ریسکیو آپریشن انجام دیں گے، جاپان نے بھی فوری ضروریات کا جائزہ لینے کے لیے ٹیم بھیجنے اور اضافی امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

ڈی ایم سی کے مطابق اگرچہ پورے جزیرے میں بارشیں کم ہو گئی ہیں تاہم شدیدمتاثرہ وسطی صوبے کے کئی راستے اب بھی بند ہیں۔

شدید موسمی حالات کی وجہ سے 20 ہزار سے زائد مکانات تباہ ہو چکے ہیں اور 1 لاکھ 22ہزار افراد سرکاری عارضی کیمپوں میں منتقل کیے گئے ہیں جبکہ مزید 8 لاکھ 33 ہزار افراد سیلاب سے متاثر ہو کر امداد کے محتاج ہیں۔

فوج، بحریہ اور فضائیہ کے ساتھ ساتھ عام کارکن اور رضاکار بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، سرکاری حکام کے مطابق ملک کے تقریباً ایک تہائی حصے میں بجلی اور پینے کے صاف پانی کی سہولت معطل ہے کیونکہ بجلی کی لائنیں تباہ اور پانی کے فلٹریشن پلانٹس زیرِ آب ہیں، انٹرنیٹ کنکشنز بھی متاثر ہوئے ہیں۔

پاکستان کی امداد

وزیر اعظم شہباز شریف کے ہدایات کے تحت، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مسلح افواج کے تعاون سے سری لنکا کے لیے جامع امدادی کارروائی کا آغاز کیا۔

این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ’کل نور خان ایئر بیس سے کولمبو کے لیے 45 رکنی آرمی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم، موبائل فیلڈ ہسپتال، کشتیوں، لائف جیکٹس، خیمے، کمبل، بچوں کا دودھ، خوراک اور دوائیں روانہ کی جائیں گی‘۔

این ڈی ایم اے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ’پاکستان سیلاب سے متاثرہ سری لنکا کی امداد جاری رکھے گا‘۔

گزشتہ روز پاکستان نیوی نے سری لنکن حکام کو کولمبو بندرگاہ پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر آفت زدہ علاقوں کے لیے امدادی سامان مہیا کیا۔

پاک بحریہ کے مطابق امداد میں خوراک کی بنیادی اشیا،تیار کھانے کے پیک، خشک راشن، فرسٹ ایڈ کٹس، ادویات اور دیگر ضروری سامان شامل تھا۔

نیوی نے کہا کہ یہ فوری مدد پاکستان نیوی کے بین الاقوامی ذمہ داریوں، علاقائی استحکام اور دوست ممالک کے ساتھ بالخصوص مشکل حالات میں یکجہتی کے عزم کو ظاہر کرتی ہے‘۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی امداد، ریسکیو اور ریلیف کی سرگرمیوں میں تعاون کے لیے تیار ہے، تاکہ ہم سری لنکن بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا مظاہرہ کر سکیں۔

سمندری طوفان ڈٹواہ سری لنکا کی سب سے مہلک قدرتی آفت بن گئی ہے، اس سے پہلے 2017 میں سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات میں 200 سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے تھے۔

21ویں صدی کے آغاز کے بعد سب سے شدید سیلاب جون 2003 میں آیا تھا، جب 254 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025