ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں، شیعہ علماء کونسل

شائع February 7, 2013

شاہراہ فیصل پر علما کے قتل کے بعد ان کی لاشوں کے پاس طالبعلم غم سے نڈھال ہیں۔ اے پی فائل تصویر
شاہراہ فیصل پر علما کے قتل کے بعد ان کی لاشوں کے پاس طالبعلم غم سے نڈھال ہیں۔ اے پی فائل تصویر

کراچی: جمیعت علمائے اسلام کی جانب سے علماء کے قتل کے خلاف ہڑتال کی شیعہ علماء کونسل نے حمایت کردی جبکہ آل کراچی تاجر اتحاد نے شہر میں تمام تجارتی مراکز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ جمیعت علمائے اسلام نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی میں جمعہ کو ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

ہڑتال کی آج شیعہ علماء  کونسل نے حمایت کردی ہے جبکہ آل کراچی تاجر اتحاد کے چئیرمین عتیق میر نے کل شہر بھر میں تجارتی مراکز بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب وفاق المدارس کے رہنما مفتی نعیم کا کہنا ہے کہ ہڑتال حکومتی اور قانونی اداروں کے دروازے پر انصاف کے لئے دستک ہے۔

یاد رہے کہ 31 جنوری کو کراچی کی مصروف شاہراہِ فیصل پرنرسری کے قریب ایک ہائی روف پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی تھی جس سے گاڑی میں موجود تین افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

تمام افراد ایک دینی تعلیمی ادارے سے وابستہ تھے جن میں مفتی صالح، مفتی عبدالمجید دین پوری اور مفتی حسان شامل تھے۔ تینوں جامعہ اسلامیہ درویشیہ جارہے تھے۔

واقعے کے بعد مدرسے کے طلبا و طالبات کی بڑی تعداد جناح اسپتال پہنچ گئی جہاں علماء کی لاشیں رکھی گئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 17 جون 2025
کارٹون : 16 جون 2025