بیٹنگ کوچ کون ہے؟

شائع May 1, 2013

فائل فوٹو اے ایف پی

کراچی: چیمپیئنز ٹرافی کے لیے آسٹریلین کوچ ٹرینٹ وڈہل کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیے جانے پر پاکستان کے سابق کھلاڑیوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے آج تک ان کا نام تک نہیں سنا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے حالیہ دورہ جنوبی افریقہ میں خراب بیٹنگ پرفارمنس کے بعد 42 سالہ وڈ ہل کو چیمپیئنز ٹرافی کے لیے تین ہفتے کے لیے بیٹنگ کوچ کی ذمے داریاں سونپی ہیں۔

وڈ ہل اس وقت آئی پی ایل فرنچائز دہلی ڈیئر ڈیولز کے اسسٹنٹ کوچ ہیں اور وہ اس سے قبل نیوزی لینڈ اور آسٹریلین ڈومیسٹک ٹیم نیو ساؤتھ ویلز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

پاکستان کے سابق بیٹنگ لیجنڈ حنیف محمد سے جب اس حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا 'وڈہل کون ہے'، میں پہلی دفعہ ان کا نام سن رہا ہوں۔

پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگ کھیلنے اور ایک عرصے تک ڈومیسٹک کرکٹ میں 499 رنز کی انفرادی اننگ کے ریکارڈ کے حامل بلے باز نے کہا کہ مجے حیرت ہے کہ پی سی بی ایک ایسے شخص کو کیسے منتخب کر سکتا ہے جس کی صلاحیتوں سے کوئی بھی واقف ہیں۔

قومی بورڈ نے دسمبر جنوری میں ہندوستان کے خلاف کھیلی گئی سیریز سے قبل سابق کپتان انضمام الحق کو بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا تھا لیکن بعدازاں انہیں اس عہدے پر مستقل طور پر تعینات نہیں کیا گیا۔

سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف نے بھی قومی کرکٹرز کو نظر انداز کرنے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک ایسے کوچ کے حوالے سے کیا کہہ سکتا ہوں جس کے بارے میں آج سے پہلے میں نے کچھ نہیں سنا، پاکستان کے پاس جاوید میانداد جیسے بیٹنگ لیجنڈ موجود ہیں جو بلے بازوں کی مدد کر سکتے تھے۔

میانداد 8 ہزار 832 رنز کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے سرفہرست بلے باز ہیں اور وہ آج کل پی سی بی کے ڈائریکر جنرل کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

دورہ انگلینڈ پر روانگی سے قبل میانداد ایبٹ اباد میں منعقد ہونے والے قومی ٹیم کے کیمپ میں کھلاڑیوں کو بیٹنگ کی ٹپس دیں گے۔

پاکستان 6 جون سے انگلینڈ میں شروع ہونے والے آٹھ رکنی ٹورنامنٹ سے قبل آئر لینڈ اور اسکاٹ لینڈ سے وارم اپ میچز کھیلے گا۔

ایک اور سابق کپتان معین خان نے کہا ہے کہ انضمام الحق اس عہدے کے لیے سب سے موزوں شخصیت تھے۔

سابق وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں بہت سے بڑے نام ہیں جو ایک نامعلوم شخص ک مقابلے میں انتہائی بہتر طریقے سے بلے بازوں کی مدد کر سکتے تھے۔

یاد رہے کہ پی سی بی کے ڈائریکٹر آف انٹرنیشنل کرکٹ انتخاب عالم نے وڈ ہل کی تعیناتی کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے پاس بیٹنگ اور فیلڈنگ کوچ کا وسیع تجربہ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025