' حفیظ کا کیچ ڈراپ کرنا مہنگا پڑا'
شارجہ: سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان کے سنچری بنانے والے بلے باز محمد حفیظ کا ڈراپ کیچ شارجہ میں ان کی شکست کا اہم سبب بنا۔
اتوار کو شارجہ میں کھیلے گئے پانچ میچوں کی سیریز کے تیسرے مقابلے میں فاسٹ باؤلر لسیتھ ملنگا نے اٹھارویں اوور میں چھبیس کے انفرادی سکور پر حفیظ کا ایک آسان کیچ ڈراپ کر دیا تھا۔
جس کے بعد پاکستان کے نائب کپتان نے اس غلطی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے کیریئر کے بہترین 140 ناٹ آؤٹ بنا ڈالے۔
میتھیوز کے مطابق یہ کیچ ڈراپ کرنا سنگین ثابت ہوا۔ 'یہ بہت اہم تھا۔ ہم نے حفیظ کو موقع دیا جس کا انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ یہ ہماری بدقسمتی تھی کہ ہم نے انہیں جانے دیا'۔
سری لنکن کپتان کا مزید کہنا تھا کہ اتوار کو ان کی ٹیم کی فیلڈنگ بھی زیادہ اچھی نہیں رہی۔
'سچ تو یہ ہے کہ ہم کسی ایک کھلاڑی پر الزام نہیں لگا سکتے۔ میرے خیال میں فیلڈنگ نے ہمیں مایوس کیا'۔
'تین سو بیس رنز سے زائد کا ہدف حاصل کرنے کے لیے ہمیں اچھے آغاز کی ضرورت تھی لیکن ہم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے، جس کے بعد میچ میں واپس آنا مشکل ہو گیا'۔
میتھیوز کے مطابق عمر گل کی واپسی سے پاکستان ٹیم کو فائدہ ملا۔' ہم سب جانتے ہیں کہ وہ اچھے باؤلر ہیں'۔
اس میچ میں گل نے پانچ اوورز کے اپنے پہلے سپیل میں دو وکٹیں حاصل کیں۔ مجموعی طور پر انہوں نے صرف انیس رنز کے عوض تین سری لنکن بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
میتھیوز کا کہنا تھا: ہم جانتے ہیں کہ گل کس طرح کے باؤلر ہیں لہذا ہمیں ان سے محتاط رہنا تھا۔ بدقسمتی سے ہم نے جلد ہی ان کے ہاتھوں دو وکٹیں گنوا دیں اور ہم دفاعی پوزیشن پر جانے پر مجبور ہو گئے۔
پاکستانی کپتان مصباح الحق نے بھی تقریباً نو مہینے بعد عالمی کرکٹ میں واپس آنے والے گل کی تعریف کی۔
'ہم ان کی آخری اووز میں تجربہ کار باؤلنگ کی کمی محسوس کر رہے تھے۔ ان کی واپسی سے یقینی طور پر ہماری باؤلنگ لائن کو مضبوطی ملی ہے'۔
اس میچ میں چھبیس گیندوں پر چالیس رنز بنانے والے مصباح نے مزید کہا 'سیریز اپنے نام کرنے کے لیے ہمیں بقیہ دو میچوں میں بہترین کاکردگی دکھانا ہو گی'۔
بدھ اور جمعہ کو ابو ظہبی میں دو ون ڈے میچوں کے بعد دونوں ٹیمیں تین ٹیسٹ میچ بھی کھیلیں گی۔
تبصرے (1) بند ہیں