ٹی ٹی پی نے 40 قبائلی باشندے اغوا کرلئے
پشاور: وادی تیراہ میں عسکریت پسندوں نے 40 قبائلی باشندوں کو اغوا کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ کے علاقے حیدر کنڈو سے ان افراد کو مبینہ طور پر ٹی ٹی پی عسکریت پسندوں نے اغوا کیا ہے۔
باوثوق اور آفیشل ذرائع نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ان قبائلی افراد کو افیم اور حشیش کے میلے سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹی ٹی پی کے کے عسکریت پسند اپنے ساتھ سینکڑوں کلوگرام حشیش اور دوسری نشہ آور اشیا بھی لے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اغوا سے قبل عسکریت پسندوں نے قمبر خیل قبیلے کے ذیلی قبیلے سیخ مل خیل قبیلے کے افراد کو پہلے باقی افراد سے الگ کیا گیا اور انہیں اپنے ساتھ لے گئے۔
دیگر غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق اغوا شدہ افراد کی تعداد ایک سو کے لگ بھگ ہے اور انہیں منشیات کی تجارت کی وجہ سے اغوا کیا گیا ہے۔
ٹی ٹی پی نے اغوا کی اس واردات کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا۔












لائیو ٹی وی