ہندوستان: دو ٹرینوں میں تصادم، متعدد افراد ہلاک
لکھنئو: ہندوستان کی ریاست اتر پردیش میں مسافر ٹرین اور مال گاڑی میں درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہو گئے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین حادثہ اترپردیش کے علاقے خلیل آباد کے قریب صبح کے وقت ہوا جس سے ٹرین کی چھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
مسافر ٹرین ہریانہ کے علاقے حصار سے اترپردیش کے علاقے گورکھ دھم جا رہی تھی۔
ہندوستان کے اخبار ٹائمز آف انڈیا کا کہنا ہے کہ حادثے میں 30 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے جب کہ 50 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ہندوستان کے نامزد وزیراعظم نریندر مودی، جو کہ آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ہندوستان میں ریلوے نظام کی حالت تیزی سے گر رہی ہے اور حفاظت کے بہتر انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے ہر سال متعدد حادثات رونما ہوتے ہیں۔
حکومت کی جانب سے 2012 میں جاری کی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان میں ہر سال تقریباً 15 ہزار افراد مختلف ریلوے حادثات میں ہلاک ہوتے ہیں۔