افغانستان: غزنی میں بم دھماکہ، 4 پولیس اہلکار ہلاک
غزنی:افغانستان کے مشرقی صوبے غزنی میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ضلعی پولیس کے سربراہ سمیت 4 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
صوبائی انتظامیہ کے ترجمان شفیق ننگ کے مطابق واقعہ جمعرات کو اس وقت پیش آیا جب پولیس اہلکار واغز ضلع میں سڑک کنارے نصب ایک بم کو ناکارہ بنانے کے بعد دوسرے پر کام کررہے تھے کہ وہ اچانک دھماکے سے پھٹ گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں ضلعی پولیس افسر محمد قاسم سمیت ان کی ٹیم کے 3 اہلکار بھی ہلاک ہوگئے۔
صوبہ غزنی کے ڈپٹی پولیس چیف اسد اللہ صافی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دھماکے میں ایک اہلکار زخمی بھی ہوا ہے جسے طبی امداد کے کئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
جمعرات کو ہونے والے اس دھماکے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے تاہم سڑک کنارے بم کے دھماکوں کے ذریعے غیرملکی اور افغان افواج کو نقصان پہنچانا طالبان کا طریقہ کارسمجھا جاتا ہے۔
افغانستان میں 14جون کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے قبل حالات خراب ہوتے نظر آرہے ہیں اور طالبان کی جانب سے انتخابی عمل کو سبوتاژ کئے جانے کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔
گزشتہ ماہ ایک ہی دن میں ہونے والے مختلف حملوں میں16پولیس اہلکار ہالک ہوگئے تھے جس کے بعد سے سیکورٹی فورسز نے حفاظتی انتظامات سخت کردیئے ہیں ۔
دسمبر میں افغانستان سے نیٹو کے 51 ہزار سے زائد فوجی گزشتہ ایک دہائی تک طالبان سے لڑنے کے بعد روانہ ہورہے ہیں اور پھر سیکورٹی کی زیادہ تر ذمہ داری مقامی سیکورٹی فورسز کو ہی سرانجام دینا ہوں گی۔