کراچی ایئرپورٹ حملے کی امریکی مذمت

شائع June 10, 2014
فائل فوٹو—
فائل فوٹو—

واشنگٹن: امریکہ نے کراچی ایئرپورٹ پر اتوار کی رات ہونے والے دہشت حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کو اس حملے کی تفتیش میں مدد کرنے کی پیشکش کی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ڈبٹی ترجمان میری ہاف نے کہا کہ ہم پاکستانی عوام کے ساتھ اس حملے کی مذمت اور ساتھ ہی پاکستان میں متعلقہ انتظامیہ کو اس واقعہ کی تفتیش میں مدد کی پیشکش کرتے ہیں۔

انہوں نے اس واقعہ میں متاثرہ افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے افراد جلد صحتیاب ہوجائیں گے۔

میری ہاف نے ایک بریفنگ کے دوران بتایا کہ اس حملے میں کسی بھی امریکی شہری کے ہلاک اور زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی اور تمام امریکی مشن محفوظ ہے۔

امریکہ کی جانب سے تفتیش میں مدد کی پیشکش کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اس طرح کے واقعات سے نمٹنے کے لیے بہت سی صلاحیتیں موجود ہیں اور امریکہ اس سلسلے میں تعاون کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی کے حوالے سے امریکہ اور پاکستان دونوں کی مشترکہ تشویش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن پاکستان کے ساتھ انسدادِ دہشت گردی کے معاملے پر باہمی طور پر کام کرتا ہے تاکہ جنوبی ایشیاء کے ملکوں میں دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے میں مدد مل سکے۔

اس موقع پر انہوں نے افغان سرحد سے متصل دہشت گردوں کے خاتمے کے سلسلے میں پاکستان اور امریکہ کی کوششوں کا بھی حوالہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اس طرح کے کئی حملوں کا نشانہ بنے ہیں اس لیے ہمارا تعاون جاری رہے گا۔

پاکستانی کی جانب سے لگاتار فضائی حملوں کی افادیت کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال پر میری ہاف کا کہنا تھا کہ وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'طالبان گروپس سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں کو معصوم عوام پر حملے بند کرنے چاہیں۔

کارٹون

کارٹون : 28 جون 2025
کارٹون : 27 جون 2025