شاہ عبداللہ کی مذہبی انتہا پسندوں پر کڑی تنقید
ریاض : سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے مذہبی انتہاپسندوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس عزم ظاہر کیا ہے کہ مٹھی بھر دہشتگردوں کو مسلمانوں کو دہشت زدہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔
رمضان المبارک کے آغاز کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں سعودی فرمانروا نے کہا کہ اسلام اتحاد،اخوت اور باہمی تعاون کو فروغ دینے والا مذہب ہے مگردہشتگرد عناصر اپنے مقاصد کے حصول کے لیے لوگوں کو ورغلاتے ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان دہشتگردوں کا مقصد مسلمانوں کے درمیان اختلافات کو بڑھانا ہوتا ہے۔
سعودی شاہ کا کہنا تھا کہ 'ہم مٹھی بھر دہشتگردوں کو اپنے ذاتی مقاصد کے لیے اسلام کو استعمال کرنے، مسلمانوں کو دہشت زدہ کرنے یا ہمارے ملک اور رہائشیوں کو نقصان پہنچانے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے'۔
انھوں نے کہا کہ اللہ کی مدد سے ہم اس مسئلے کا سامنا اور اس پر قابو پانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
سعودی فرمانروا نے رمضان المبارک کے موقع پر مسلمانوں کے لیے تحفظ، ترقی اور استحکام کی خواہش کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب سمیت بیشتر ممالک میں اتوار سے رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا ہے۔