سعودی عرب: انسانی حقوق کے وکیل کو 15 سال قید
ریاض: سعودی عرب کی ایک عدالت نے ایک ممتاز حقوقِ انسانی کے وکیل کو پندرہ سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
انسانی حقوق کے سرگرم کارکن کے رشتہ داروں نے سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ ولید عبدالخیر جس پر انتظامیہ کی توہین کا الزام عائد کیا گیا، اس پر پندرہ برس تک ملک سے باہر سفر کرنے پر پابندی کے ساتھ ساتھ 54 ہزار ڈالرز جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
ان کی بیوی ثمر بدعوی نے ایک ٹیلیفونک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ عبدالخیر نے اس فیصلےکو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے اور وہ اس کا سامنا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ولید اس عدالت کی قانونی حیثیت کو تسلیم نہیں کرتے ہیں اسی لیے انہوں نے اس فیصلے کو مسترد کردیا ہے اور نہ ہی ان کا درخواست کرنے کا کوئی ارادہ ہے'۔
انہوں نے کہا کہ ولید پر متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں جن میں حکام کو کمزور کرنے کے ساتھ ساتھ عدالیہ کی توہین شامل ہے۔