بنگلہ دیشی باؤلر بھی مشکوک ایکشن کی زد میں
ڈھاکا: بنگلہ دیشی فاسٹ باؤلر الامین حسین بھی مشکوک ایکشن کے باعث آئی سی سی کی نظروں میں آ گئے ہیں اور ان کے ایکشن کو مشکوک قرار دے دیا ہے۔
سینٹ ونسنٹ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں میچ آفیشلز نے ان کے باولنگ ایکشن پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) ان کے باولنگ ایکشن کی جانچ کرے گی۔
یاد رہے کہ ایک دن قبل ہی کھیل کی عالمی گورننگ باڈی نے پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل کے ایکشن کو مشکوک قرار دیتے ہوئے ان کی باؤلنگ پر پابندی عائد کردی تھی۔
آئی سی سی کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ آئندہ 21 روز میں ون ٹیسٹ کے عمل سے گزریں گے اور جب تک ٹیسٹ کے نتائج سامنے نہیں آ جاتے، انہیں تمام طرز کی عالمی کرکٹ میں باؤلنگ کی اجازت ہو گی۔
اپنے کیریئر کا محض چوتھا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے 24 سالہ باؤلر دورہ ویسٹ انڈیز میں دوسرے بنگلہ دیشی باؤلر ہیں جن کے ایکشن پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
اس سے قبل ایک روزہ میچز کی سیریز میں آف اسپنر سوہاگ غازی کا ایکشن مشکوک رپورٹ ہوا تھا اور آئندہ ہفتے ان کا آسٹریلیا میں ٹیسٹ ہو گا، اگر ان کا ایکشن غیر قانونی قرار پاتا ہے تو ان کے باؤلنگ کرنے پر پابندی عائد کردی جائے گی۔
اجمل پر پابندی لگنے کے بعد 23 سالہ غازی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ میں ٹیسٹ کے نتائج کے حوالے سے نروس ہوں کیونکہ پابندی مجھے آئندہ سال ہونے والے ورلڈ کپ سے ممکنہ طور پر باہر کر دے گی۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ میچز میں 3-0 کی کلین سوئپ شکست سے دوچار ہونے والی بنگلہ دیشی ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میں دس وکٹ سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 13 ستمبر سے شروع ہو گا۔