' ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں میں'

شائع December 26, 2015
منیر نیازی — اسکرین شاٹ
منیر نیازی — اسکرین شاٹ

ہمیشہ دیر کردیتا ہوں، کا شکوہ کرنے والے شاعری میں جداگانہ اسلوب رکھنے والے اردو اور پنجابی زبان کے معروف شاعر منیر نیازی کو دنیا سے منہ موڑے آج 9 سال بیت گئے۔

منیر نیازی مشرقی پنجاب کے ضلع ہوشیار پور کے ایک گاؤں میں 1927 میں پیدا ہوئے، قیام پاکستان کے بعد وہ لاہور آگئے۔

یہاں وہ کئی اخبارات و ریڈیو اور بعد میں ٹیلیویژن سے وابستہ رہے۔وہ بیک وقت شاعر، ادیب اور صحافی تھے۔

وہ اردو اور پنجابی دونوں زبانوں میں شاعری کرتے تھے۔ اردو میں ان کے تیرہ شعری مجموعے شائع ہوئے۔ جن میں تیز ہوااور تنہا پھول، جنگل میں دھنک، دشمنوں کے درمیان شام، سفید دن کی ہوا، سیاہ شب کا سمندر، ماہ منیر، چھ رنگین دروازے، آغاز زمستاں اور دیگر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ کلیات منیر کی بھی اشاعت ہوئی جس میں ان کا مکمل کلام شامل ہے، پنجابی میں بھی ان کے تین شعری مجموعے شائع ہوئے۔

26دسمبر 2006کو لاہور میں اِس البیلے شاعر کا انتقال ہو ا۔

منیر نیازی سرتاپا شاعر تھے۔حقیقت یہ ہے کہ قدرت نے ان کو صرف شاعری کے لئے پیدا کیا تھا۔ان کا سیاسی اور سماجی شعور انہیں احتجاجی شاعری کرنے کے لئے اکساتا تھا،اِسی لئے غزل میں بھی ان کا لب و لہجہ بلند آہنگ ہو جاتا ہے۔جیسے یہ غزل

ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں میں

ضروری بات کہنی ہو، کوئی وعدہ نبھانا ہو

کسی سے دور رہنا ہو کسی کے پاس جانا ہو

کسی کو موت سے پہلے کسی غم سے بچانا ہو

حقیقت اور تھی کچھ، اس کو جا کر یہ بتانا ہو

ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں میں

انہیں فلمی شاعر کہا جاتا تو وہ برا مان جاتے لیکن حقیقت یہ ہے کہ فلموں میں جتنی پائے کی غزلیں ملتی ہیں ان میں بیشتر منیر ہی کی ہیں مثلا،اشک رواں کی نہر ہے اور ہم ہیں دوستو،

اس بے وفا کا شہر ہے اور ہم ہیں دوستو، یا یہ غزل ،آ گئی یاد شام ڈھلتے ہی،بجھ گیا دل چراغ جلتے ہی ،اسی طرح جا اپنی حسرتوں پر آنسو بہا کر سوجا جیسی قابل ذکر غزلیں بھی شامل ہیں۔

شاعری میں احتجاج کی آواز جب بھی بلند ہو گی منیر نیازی کا نام ضرور یاد آئے گا۔ان کی اپنی زندگی کی بہترین اوربھرپور عکاسی اس شعر سے ہوتی ہے۔

اک اور دریا کا سامنا تھا منیر مجھ کو

میں ایک دریا کے پار اترا تو میں نے دیکھا


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 3 جولائی 2025
کارٹون : 2 جولائی 2025