سدا جوان رہنے کے جنون میں مبتلا شیفالی جریوالا نے زندگی کے آخری 30 منٹ کیسے گزارے؟

شائع July 1, 2025
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی ماڈل و اداکارہ شیفالی جریوالا گزشتہ ماہ 27 جون کو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئی تھیں اور تاحال ان کی اختتامی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے نہیں آ سکی۔

ڈاکٹرز کے ابتدائی معائنوں اور پولیس کی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ شیفالی جریوالا کی موت کسی جرم کا نتیجہ نہیں، ممکنہ طور پر ادویات کے منفی اثر کی وجہ سے ان کی حرکت قلب بند ہوئی ہوگی، تاہم اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

شیفالی جریوالا کی اچانک موت پر بھارت بھر کی شوبز شخصیات سمیت پاکستانی شوبز شخصیات اور ان کے مداح بھی پریشان ہیں اور وہ جاننا چاہتے ہیں کہ آخری لمحات میں اداکارہ کے ساتھ کیا ہوا؟

بھارتی ویب سائٹ ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق 27 جون کو شیفالی جریوالا نے ہندو مذہبی عقائد کے تحت پورے دن کا روزہ رکھا تھا لیکن انہوں نے روزے میں ہی جوان اور خوبصورت رکھنے میں مدد فراہم کرنے والی ادویات لیں اور انجکشنز لگوائے۔

ہر وقت جاذب نظر، پرکشش اور جوان نظر آنے کے لیے شیفالی جریوالا گزشتہ 8 سال سے ایسی ادویات کا استعمال کرتی آ رہی تھیں جو کہ خوبصورت اور جوان نظر آنے میں مددگار ہوتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شیفالی جریوالا نے روزے کی حالت میں صبح 10 بجے ’اینٹی ایجنگ‘ انجکشن اور ڈرپس لگوانا شروع کیں اور کچھ ادویات منہ کے ذریعے کھائیں۔

اداکارہ نے پرکشش بنانے میں مدد فراہم کرنے والی ڈرپ ’گلیٹوتھائن‘ (glutathione)، وٹامن سی کا ڈرپ اور ملٹی وٹامن سمیت کولیجن’ سپلیمنٹ بھی لیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق شیفالی جریوالا کی جانب سے مختلف ڈرپس اور منہ کے ذریعے میڈیسن لیے جانے کے ٹھیک 30 منٹ بعد ان کی طبعیت خراب ہوگئی اور وہ 10 بج کر 30 منٹ پر اچانک گھر میں ہی گر گئیں، ان کے شوہر گھر میں موجود نہیں تھے لیکن انہیں ملازمہ نے فوری اطلاع دی۔

اداکارہ کو 11 بج کر 15 منٹ پر ان کے گرنے کے 45 منٹ بعد قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پہنچنے پر انہیں مردہ قرار دیا گیا۔

اداکارہ کو مردہ قرار دیے جانے کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے قریبی پولیس کو مطلع کیا، جس نے فوری طور پر تفتیش شروع کرتے ہوئے شیفالی جریوالا کو مردہ قرار دیے جانے کے بعد 30 منٹ کے اندر ہی گھر کا دورہ کرکے ابتدائی معلومات حاصل کی۔

ماہرین صحت کا خیال ہے کہ شیفالی جریوالا کی جانب سے روزے کی حالت میں جوان اور خوبصورت نطر آنے میں مدد فراہم کرنے والی پروٹینز اور ملٹی وٹامنز پر مشتمل طاقتور دوائیں استعمال کرنے سے ان پر منفی اثر ہوا ہوگا۔

ماہرین صحت کے مطابق ممکنہ طور پر ان کا بلڈ پریشر انتہائی کم ہوگیا ہوگا، جس وجہ سے ان کے دل نے حرکت کرنا بند کردی ہوگی لیکن اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا اور جلد ہی حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اداکارہ کی موت کی وجوہات سامنے آجائیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 18 جولائی 2025
کارٹون : 17 جولائی 2025