ہندوستان میں 'غیرت کے نام' پر شوہر قتل

شائع March 14, 2016

نئی دہلی: ہندوستان کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں ہندوؤں کی اونچی ذات سے تعلق رکھنے والی لڑکی سے شادی کرنے پر ایک دلت طالب علم کو ‘غیرت کے نام پر قتل کرکے لاش کے ٹکرے کردیئے گئے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور مقتول کی بیوی کو شدید زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ریاست تامل ناڈو میں لاٹھیوں اور تیز دھار آلے سے لیس تین افراد نے 22 سالہ طالب علم اور اس کی بیوی پر حملہ کیا، لڑکی کا تعلق ہندوؤں کی اونچی ذات سے ہے۔

مقامی پولیس کمشنر این منجناتھا کا کہنا تھا کہ 19 سالہ لڑکی کے عزیز اس شادی سے ناخوش تھے۔

منجناتھا نے بتایا کہ ‘انھوں نے 8 ماہ قبل شادی کی تھی اور ان کی شادی پر لڑکی کے گھر والے خوش نہیں تھے، لڑکی کا تعلق ہندوؤں کی اونچی ذات جبکہ لڑکے کا تعلق ہندوؤں کی نچلی ذات دلت سے ہے’ ۔

ان کا کہنا تھا کہ لڑکی کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا اور حملے کے الزام میں ان کے ایک عزیز کی تلاش جاری ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستانی ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج پر دیکھا جاسکتا ہے کہ جوڑا ایک سڑک پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار تین افراد ان کے پاس آکر رکے اور ان پر حملہ کردیا۔

ہندوستان میں غیرت کے نام پر قتل کے متعدد کیسز سامنے آتے رہتے ہیں جس کی وجہ ان کے عزیزوں کی جانب سے مذہب اور ذات کے نام پر ان کے تعلقات کو قبول نہیں کرتے۔ ان میں سے بیشتر واقعات شمالی علاقوں میں ہوتے ہیں۔

اس حوالے سے ہندوستانی حکام نے کبھی بھی کسی قسم کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے تاہم اقوام متحدہ کے مطابق ہندوستان میں قتل ہونے والے پانچ ہزار افراد میں سے ایک ہزار ہلاکتیں غیرت کے نام پر ہی ہوتی ہیں۔

خیال رہے کہ ہندوستانی سپریم کورٹ نے 2011 میں فیصلہ دیا تھا کہ غیرت کے نام پر قتل کی سزا ‘سزائے موت’ ہوگی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

کارٹون

کارٹون : 28 جون 2025
کارٹون : 27 جون 2025