شاہ رخ خان کیلئے ’پشاوری چپل‘ بنانے والا گرفتار

26 اگست 2016
شاہ رخ خان کیلئے پشاوری چپل تیار کرنے والے جہانگیر خان — فوٹو: علی اکبر
شاہ رخ خان کیلئے پشاوری چپل تیار کرنے والے جہانگیر خان — فوٹو: علی اکبر

پشاور: خیبر پختونخوا کے محکمہ جنگلی حیات نے بولی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے لیے ہرن کی کھال سے خصوصی طور پر چپل تیار کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔

شاہ رخ خان کی کزن نور جہاں نے اداکار کے لیے مسلم لیگ (ن) کے کارکن اور پشاوری چپلوں کے مشہور کاریگر جہانگیر خان کو چپل کے 2 جوڑے تیار کرنے کا آرڈر دیا تھا۔

— فوٹو: علی اکبر
— فوٹو: علی اکبر

جہانگیر نے وہ 2 جوڑے تو تیار کیے لیکن ساتھ ہی شاہ رخ خان سے اپنی محبت کے اظہار کے لیے تحفے کے طور پر ہرن کی کھال سے خصوصی چپل کی ایک اضافی جوڑی بھی تیار کی۔

تاہم ہرن کی کھال سے چپل تیار کرنے پر خیبر پختونخوا کا محکمہ جنگلی حیات حرکت میں آیا اور اس کی ٹیم نے چھاپہ مار کر جہانگیر خان کو گرفتار کرلیا اور ہرن کی کھال سے بنی چپل کی جوڑی بھی اپنے قبضے میں لے لی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کیلئے ’پشاوری چپل‘ کا تحفہ

واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ہرن کے شکار اور اس کی کھال کی خرید و فروخت پر پابندی ہے۔

— فوٹو: علی اکبر
— فوٹو: علی اکبر

جہانگیر خان اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف کے لیے بھی شیر کی کھال سے پشاوری چپل تیار کر چکے ہیں۔

شاہ رخ خان کے لیے پشاوری چپل کا آرڈر دینے کے بعد ان کی کزن نور جہاں نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اداکار کی خصوصی فرمائش پر انہوں نے ان چپلوں کا آرڈر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے 1997 میں بھی شاہ رخ خان کو پشاوری چپل کا تحفہ دیا تھا اور وہ ہندوستان جاکر دوبارہ انہیں ان چپلوں کا تحفہ دیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں