• KHI: Fajr 5:46am Sunrise 7:07am
  • LHR: Fajr 5:26am Sunrise 6:53am
  • ISB: Fajr 5:34am Sunrise 7:03am
  • KHI: Fajr 5:46am Sunrise 7:07am
  • LHR: Fajr 5:26am Sunrise 6:53am
  • ISB: Fajr 5:34am Sunrise 7:03am

وہ منصوبے جن کا نواز شریف افتتاح نہ کرسکے

شائع July 29, 2017

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے نااہل قرار دیئے جانے کے باعث سابق وزیراعظم نواز شریف منصوبوں کے افتتاح کا ایک طویل سلسلہ مکمل نہ کرسکے۔

ان منصوبوں میں سے ایک اہم منصوبہ رواں سال دسمبر میں پاکستان کو 'لوڈ شیڈنگ فری' ملک قرار دینے کا منصوبہ بھی تھا۔

1200 میگاواٹ کا بلوکی پاور پراجیکٹ وہ پہلا منصوبہ ہے جس کا افتتاح نواز شریف نہ کرسکے، اس پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب 31 جولائی کو طے کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ بلوکی پاور پراجیکٹ کے افتتاح کی تمام تیاریاں مکمل ہوچکی تھیں جبکہ مہمانوں کو دعوت نامے بھی روانہ کیے جاچکے تھے۔

31 جولائی کے بعد 2 یا 3 اگست کو نواز شریف نے 4320 میگاواٹ کے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کرنی تھی۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری

داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تقریب کے دعوت نامے ابھی شائع ہونا باقی تھے جبکہ موسم کی صورتحال کے پیش نظر تقریب کے حتمی دن کا فیصلہ بھی نہیں کیا گیا تھا۔

اس سلسلے کا تیسرا منصوبہ 340 میگاواٹ کا چشمہ فور نیوکلیئر پاور پلانٹ تھا، جس کا افتتاح کیا جانا تھا۔

چشمہ پاور پلانٹ پر تجرباتی کام کا آغاز کیا جاچکا ہے جبکہ اس کے کمرشل آپریشن کی تاریخ اور افتتاح کا حتمی فیصلہ اگست کے تیسرے ہفتے میں ہونا تھا۔

توانائی کے ان منصوبوں سے قبل 14 اگست کو نواز شریف نے نئے اسلام آباد ایئرپورٹ کا افتتاح کرنا تھا جبکہ وفاقی دارالحکومت سے ایئرپورٹ کو منسلک کرنے والا خصوصی میٹرو ٹرانسپورٹ منصوبہ بھی اس کا حصہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا نواز شریف تاحیات نااہل ہوگئے؟

اس کے علاوہ پورٹ قاسم پر بھی 1320 میگاواٹ کا کوئلے سے چلنے والا ایک اہم توانائی منصوبہ تکمیل کے حتمی مراحل میں تھا جبکہ اس کے اسپانسرز نااہل ہونے والے وزیراعظم سے ستمبر میں اس کی افتتاحی تقریب کے لیے حتمی تاریخ طے کرنے والے تھے۔

یہ منصوبہ پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے تحت جلد مکمل ہونے والے منصوبوں میں سے ایک تھا۔

علاوہ ازیں، حکومت 1180 میگاواٹ کے بھکی ایل این جی منصوبے کے کمرشل آپریشن کے آغاز کی حتمی تاریخ کے حوالے سے کنٹریکٹرز سے رابطے میں تھی۔

ممکنہ طور پر اس منصوبے کا افتتاح اکتوبر کے پہلے ہفتے میں متوقع تھا۔

اسی سے ملتے جلتے 1200 میگاواٹ کے حویلی بہادر شاہ منصوبے سے مکمل پیداوار نومبر میں حاصل ہونے کا امکان تھا۔

باوثوق ذرائع کے مطابق حکومت تجرباتی طور پر کام کرنے والے بیشتر پلانٹس کا جائزہ لینے میں مصروف تھی تاکہ اس بات کا فیصلہ کیا جاسکے کہ حویلی بہادر شاہ منصوبے کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم ملک کو لوڈ شیڈنگ فری قرار دینے کا اعلان کریں یا اس اعلان کے لیے علیحدہ تقریب منعقد کی جائے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات طے ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہی کوئی امیدوار ملک کے اگلے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالے گا تاہم ممکنہ طور پر نواز شریف کئی تقاریب کا حصہ نظر آسکتے ہیں۔


یہ خبر 29 جولائی 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (1) بند ہیں

پرویز خاور گھمن Jul 29, 2017 01:02pm
کیا لکھیں کچھ لکھنے کو رہ کیا گیا. اللّٰه سبحان ھو بہتر جانتے ہیں حقیقت کیا ہے. عدالت کا فیصلہ آیا تو وقت کے وزیراعظم کو پھانسی چڑھا دیا گیا پھر اسی عدالت نے اپنے ہی فیصلہ کو عدالتی قتل قرار دیا. آج پھر اسی عدالت نے وزیراعظم کو نااہل قرار دیا کل پھر یہی عدالت اس فیصلہ کو جمہوریت کا قتل ثابت کرےگی. کیا یہی دستور زمانہ ہے؟

کارٹون

کارٹون : 12 دسمبر 2024
کارٹون : 11 دسمبر 2024