چمن: پاک افغان سرحد پر خودکش حملہ، گیارہ افراد ہلاک
کوئٹہ:کل بروز جمعہ مورخہ 5 جولائی پاکستان کے جنوبی صوبے بلوچستان کے شہر چمن میں پاک افغان سرحد پر خود کش حملے میں 7 افغان سیکورٹی اہلکار سمیت 11 افرادہلاک جبکہ بارہ کے قریب شہری زخمی ہوگئے۔ خودکش بمبار نے افغانستان کے علاقے میں باب دوستی کے قریب خود کو دھماکے سے اُڑادیا تھا۔
ذرائع کے مطابق جب پاکستان اور افغانستان کے سرحدی فورسز کے اہلکار سرحد پار کرنے والے لوگوں کی چیکنگ کررہے تھے تو ایک سائیکل سوار شخص نے خودکش حملہ کردیا۔
سیکورٹی ذرائع نے جمعہ کو ڈان ڈاٹ کام کو نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ خود کش بمبار کا ہدف افغان بارڈر فورس کی ایک گاڑی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ باب دوستی پر ہونے والے حملے میں پاکستانی اہلکار خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔
اطلاعات کے مطابق افغان پولیس کمانڈر اختر محمد بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔ افغان سرحدی فورسز کے ایک اہلکار کے مطابق خودکش حملہ آور کا ہدف کمانڈر اختر محمد ہی تھے۔
بی بی سی اردو ویب سائٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق، حملہ سرحد کے قریب افغان علاقے میں ہوا جبکہ زخمیوں کو چمن کے ہسپتال اور افغانستان کے سرحدی ضلع سپن بلدک کے ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔
تاہم فرنٹئیر کور کا کہنا ہے کہ واقعہ میں کچھ پاکستانی بھی زخمی ہوئے ہیں۔ واقعہ کے بعد باب دوستی کو بند کر کے ہرطرح کی آمدورفت معطل کردی گئی۔
متاثرہ سرحد پر صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے ایف سی کی مزید نفری طلب کر لی گئی ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے صوبے میں چمن، ضلع قلعہ عبداللہ کی ایک تحصیل ہے۔ یہ افغانستان کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ مرکزی شہر چمن ہی کہلاتا ہے جو تجارت، اسمگلنگ اور افغان مہاجرین کے بے شمار تعداد کی وجہ سے مشہور ہو گیا ہے۔ اس کے بالکل قریب افغانستان کی سرحد کے اُس پار افغانستان کے صوبہ قندھار کا قصبہ سپن بولدک واقع ہے۔












لائیو ٹی وی