بولی وڈ دیسی گرل پریانکا چوپڑا کی زندگی اتنی ہی دلچسپ ہے جتنی ان کی فلمیں نظر آتی ہیں۔

پریانکا چوپڑا صرف اداکارہ ہی نہیں بلکہ پروڈیوسر، اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر، سابق مس انڈیا اور مس ورلڈ رہ چکی ہیں، اور اب وہ اپنے کیریئر کی اس فہرست میں لکھاری ہونے کا کریڈٹ بھی شامل کرنے جارہی ہیں۔

پریانکا چوپڑا ایک کتاب تحریر کررہی ہیں، جس کا نام ’ان فنیشڈ‘ (Unfinished) رکھا گیا ہے، جو پینگوئن رینڈم ہاؤس انڈیا کی جانب سے پبلش کی جائے گی۔

اس کتاب کے حوالے سے پریانکا چوپڑا نے بتایا کہ ’یہ کتاب ایمانداری، مزاحیہ، ہمت، جرات مندی اور بغاوت پر مبنی ہے، جیسی میں خود ہوں، میں نے کبھی اپنے جذبات کا اظہار نہیں کیا، لیکن اب میں ایسا کرنے کے لیے تیار ہوں، اظہار خیال کی بات کی جائے تو مجھے ہمیشہ سکھایا گیا ہے کہ میں نہ ڈروں، میری خواہش ہے کہ لوگوں کو میری کتاب سے امید ملے، خاص کر خواتین کو، جنہیں ہمیشہ سے یہ کہا جاتا ہے کہ خواتین کو سب کچھ نہیں مل سکتا، لیکن مجھے سب کچھ چاہیے، اور میرا ماننا ہے کہ کسی اور کو بھی سب کچھ مل سکتا ہے، میں اس کی مثال ہوں‘۔

مزید پڑھیں: بولڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا حقیقت میں شرمیلی؟

پبلشنگ ہاؤس کے مطابق یہ کتاب پریانکا چوپڑا کی ذاتی مضامین، کہانیوں، اور مشاہدات پر مبنی ہے۔

’ان فنیشڈ‘ نامی یہ کتاب 2019 میں شائع ہوگی۔

خیال رہے کہ پریانکا چوپڑا نے شوبز میں اپنے کیریئر کا آغاز سال 2000 میں مس ورلڈ کا اعزاز جیت کر کیا، اس وقت وہ صرف 18 سال کی تھیں۔

اس کے بعد بولی وڈ میں انہوں نے فلم 2003 کی فلم ’دی ہیرو‘ کے ساتھ قدم رکھا۔

ان کی کامیاب فلموں میں ’اعتراض‘، ’ڈان‘، ’کرش‘، ’فیشن‘، ’دوستانہ‘ اور ’باجی راؤ مستانی‘ شامل ہیں۔

پریانکا چوپڑا نے بولی وڈ کے ساتھ ساتھ ہولی وڈ انڈسٹری میں بھی خوب نام کمایا، ان کی ڈیبیو فلم ’بےواچ‘ میں اداکارہ کے کام کو سراہا گیا، جبکہ وہ اس وقت اپنی امریکی سیریز کوائینٹیکو کے دوسرے سیزن کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

صرف یہی نہیں، انہوں نے اپنے کیریئر میں کئی ایوارڈز بھی حاصل کیے، جن میں فلم فیئر، نیشنل ایوارڈز اور پیپلز چوائس ایوارڈز شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں