• KHI: Asr 4:30pm Maghrib 6:08pm
  • LHR: Asr 3:55pm Maghrib 5:34pm
  • ISB: Asr 3:58pm Maghrib 5:38pm
  • KHI: Asr 4:30pm Maghrib 6:08pm
  • LHR: Asr 3:55pm Maghrib 5:34pm
  • ISB: Asr 3:58pm Maghrib 5:38pm

دوسرا ون ڈے: فلکوایو اور ڈوسن نے پاکستان سے یقینی فتح چھین لی

شائع January 22, 2019 اپ ڈیٹ January 23, 2019
ایندائل فلکوایو نے 4 وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ 69رنز کی اننگز بھی کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
ایندائل فلکوایو نے 4 وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ 69رنز کی اننگز بھی کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقہ نے وین ڈر ڈوسن اور ایندائل فلکوایو کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

کنگز میڈ، ڈربن میں 5 میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیوپلیسی نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

گزشتہ میچ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے امام الحق کی اننگز اس مرتبہ صرف 5 رنز پر تمام ہوئی اور وہ کگیسو ربادا کو وکٹ دے بیٹھے۔

فخر زمان اور بابر اعظم نے اسکور کو 37 پہنچایا ہی تھا کہ ربادا کی ایک گیند کو پُل کرنے کی کوشش میں بابر بھی وکٹ گنوا بیٹھے۔

اوپنر فخر زمان کھیل کی ابتدا سے ہی دباؤ میں نظر آئے اور محمد حفیظ کے ہمراہ 21 رنز جوڑے لیکن 58 کے اسکور پر دونوں کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔

تبریز شمسی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 3وکٹیں لیں— فوٹو: اے ایف پی
تبریز شمسی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 3وکٹیں لیں— فوٹو: اے ایف پی

شعیب ملک اور شاداب خان نے اسکور کو 85 تک پہنچایا ہی تھا کہ تبریز شمسی کے پہلے ہی اوور میں بڑا شاٹ کھیلنے کی غلطی کرنے والے شاداب کیچ دے بیٹھے۔

ابھی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ پہلا ون ڈے میچ کھیلنے والے حسین طلعت بھی صرف 2 رنز بنا کر شمسی کی وکٹ بن گئے۔

مشکل وقت میں ٹیم کے سب سے تجربہ کار کھلاڑی شعیب ملک سے ٹیم کی امیدیں وابستہ تھیں لیکن ان کی اننگز بھی صرف 21 رنز پر تمام ہوئی، جبکہ اگلے اوور میں فہیم اشرف بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو کر شمسی کی تیسری وکٹ بن گئے۔

112 رنز پر آٹھ وکٹیں گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید پاکستانی ٹیم کی بساط جلد ہی لپٹ جائے گی لیکن اس موقع پر حسن علی اور کپتان سرفراز میزبان باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے، خصوصاً حسن علی کی جارحانہ بیٹنگ کا جنوبی افریقی باؤلرز کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔

حسن علی کی 59رنز کی اننگز بھی پاکستان کو شکست سے بچانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی— فوٹو: اے ایف پی
حسن علی کی 59رنز کی اننگز بھی پاکستان کو شکست سے بچانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی— فوٹو: اے ایف پی

دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نویں وکٹ کے لیے 90 رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت پاکستان نے 200 رنز کے ہندسے تک رسائی حاصل کی۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب سرفراز 41 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ فلکوایو نے اپنے اگلے اوور میں حسن علی کو بھی باؤنڈری پر کیچ کرا کر ان کی شاندار اننگز کا خاتمہ کردیا۔

پاکستان کی پوری ٹیم 203 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، حسن علی نے 45 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے فلکوایو نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 22 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں، تبریز شمسی نے 3 اور کگیسو ربادا نے 2 وکٹیں لیں۔

جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ اسپیل کرتے ہوئے دونوں اوپنرز کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیو پلیسی کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔

29 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد وین ڈر ڈوسن اور ڈیوڈ ملر کی جوڑی وکٹ پر اکٹھا ہوئی اور دونوں کھلاڑیوں نے 51 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا کسی حد تک ازالہ کردیا۔

اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید خطرناک ثابت ہوتی، ملر 31 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بن گئے جبکہ لیگ اسپنر نے اگلی ہی گیند پر ہنری کلاس کا بھی کام تمام کردیا۔

80 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد میچ میں پاکستان کی فتح کے امکانات کافی روشن ہو گئے تھے، لیکن فلکوایو اور ڈوسن نے پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

وین ڈر ڈوسن نے ناقابل شکست 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
وین ڈر ڈوسن نے ناقابل شکست 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستانی کپتان اور باؤلرز کے ہر حربے کو ناکام بناتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔

پاکستان کو اس شراکت کو توڑنے کا موقع بھی ملا جب فلکوایو ایک غلط شاٹ کھیل بیٹھے لیکن پوائنٹ پر موجود شاداب ان کا کیچ پکڑنے میں ناکام رہے۔

ڈوسن اور فلکوایو نے چھٹی وکٹ کے لیے ناقابل شکست 127رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو 48 گیندیں قبل ہی فتح دلا کر سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔

ڈوسن نے 80 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ فلکوایو کو 4 وکٹیں اور 69 رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ جمعہ کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 12 اکتوبر 2024
کارٹون : 11 اکتوبر 2024