بلیک ہیڈز سے نجات دلانے والے گھریلو ٹوٹکے

شائع January 28, 2019
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

بلیک ہیڈز (جلد کے مسام بند ہوجانے پر ابھر آنے والے کالے دھبے یا دانے) ایسا عام مسئلہ ہے جس کا سامنا لگ بھگ ہر ایک کو ہی ہوتا ہے، کچھ اس کی پروا نہیں کرتے مگر بیشتر افراد اس سے پریشان ہوجاتے ہیں۔

بلیک ہیڈز درحقیقت مہاسوں کی ایک قسم ہے جو اس وقت نمودار ہوتی ہے جب مسام آئل یا جلد کے مردہ خلیات کی وجہ سے بلاک ہوجاتے ہیں، وقت کے ساتھ ان کی رنگت زیادہ گہری ہوجاتی ہے۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ ان سے نجات اتنی مشکل نہیں درحقیقت چند گھریلو ٹوٹکے اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں : 10 علامات جن سے خواتین کو لازمی واقف ہونا چاہیے

ٹماٹر سے مدد لیں

ٹماٹر کے ٹکڑے کو چہرے پر رگڑنے سے جلد کے ان حصوں کو صاف کیا جاسکتا ہے جہاں سیاہ رنگ کے نشانات نمایاں ہوتے ہیں۔

ٹی ٹری آئل بھی مددگار

یہ تیل جراثیم کش، اینٹی فنگل اور ورم کش خصوصیات رکھتا ہے جو کہ غدہ شحمیہ (چکنائی خارج کرنے والا غدود) کے لیے فائدہ مند ہے، بریک آﺅٹ اور بلیک ہیڈز کی روک تھام کرتا ہے، اس مقصد کے لیے چند قطرے ٹی ٹری آئل، سیب کے سرکے اور فلٹر شدہ پانی کو مکس کریں، اس محلول کو چہرے پر اسپرے کریں یا روئی کی مدد سے متاثرہ حصے پر لگائیں، اس کے بعد موئسچرائزر کا استعمال کریں۔

بیکنگ سوڈا اور پانی کا امتزاج

بیکنگ سوڈا اور پانی کی یکساں مقدار کو مکس کرکے پیسٹ بنائیں، اس مکسچر کو متاثرہ جلد پر لگائیں اور نیم گرم پانی سے دھولیں، جس کے بعد موئسچرائزر کا استعمال کریں۔

ہلدی بھی موثر

ہلدی کو بھی اس مسئلے سے نجات کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے کیونکہ یہ جراثیم کش، ورم کش اور اینٹی فنگل خصوصیات رکھتی ہے، تاہم عام ہلدی سے جلد پر زرد داغ نمایاں ہوسکتے ہیں تو کستوری ہلدی کا استعمال کریں۔ ایک کھانے کا چمچ کستوری ہلدی کو ایک کھانے کے چمچ پانی یا ناریل کے تیل میں مکس کرکے پیسٹ بنائیں اور چہرے پر لگالیں، 10 سے 15 منٹ انتظار کرنے کے بعد دھولیں۔

یہ بھی پڑھیں : چہرے سے کیل مہاسے صاف کرنا چاہتے ہیں؟

سبز چائے

نہیں سبز چائے کو پینا نہیں بلکہ چہرے پر لگانا ہے، یہ جلد میں آئل بننے کی شرح کو کم کرنے میں مدد دے گی جبکہ ایک بہترین اینٹی آکسائیڈنٹ کا کام کرے گی۔ ایک چائے کے چمچ خشک سبز چائے کی پتی کو ایک چائے کے چمچ پانی میں مکس کرکے اس مکسچر سے متاثرہ حصے پر 3 منٹ تک مالش کریں، اس کے بعد پانی سے دھولیں اور موئسچرائزر کا استعمال کریں۔ یہ طریقہ کار ایک ہفتے میں 2 یا 3 دن استعمال کریں۔

انڈے

ایک انڈے کی سفیدی کو پھینٹ لیں اور جلد پر لگائیں، اس کے بعد ایک ٹشو سے اپنے چہرے پر تہہ بنائیں اور اس کے بعد انڈے کی سفیدی کی دوسری تہہ لگائیں ، بیس منٹ تک ماسک کو خشک ہونے دیں اور پھر نکال دیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025