لاہور: ایک کیس میں قبضہ مافیا کے سرغنہ منشا بم کی ضمانت منظور

02 فروری 2019
عدالت نے ملزم کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی — فائل فوٹو
عدالت نے ملزم کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی — فائل فوٹو

لاہور: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پلاٹ پر قبضے اور بھتہ لینے سے متعلق ایک کیس میں قبضہ مافیا کے سرغنہ منشا بم کی ضمانت منظور کرلی۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 4 کے جج عبدالقیوم خان نے قبضہ مافیا کے سرغنہ منشا بم کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت ملزم منشا بم کی جانب سے وکیل فرہاد علی شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔

مزید پڑھیں: مختلف مقدمات میں مطلوب منشا بم کو پولیس تحویل میں دے دیا گیا

عدالت نے قبضہ اور بھتہ کے ایک کیس میں منشا بم کی درخواست ضمانت منظور کرلی اور ملزم کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

خیال رہے کہ پولیس نے منشا بم کے خلاف جوہر ٹاون میں پلاٹ پر قبضہ اور بھتہ مانگنے پر مقدمہ درج کیا تھا۔

15 اکتوبر 2018 کو پنجاب پولیس نے زمینوں پر قبضوں کے الزام سمیت 80 مقدمات میں مطلوب منشا بم کو سپریم کورٹ سے حراست میں لے لیا تھا۔

منشا بم کا معاملہ

یاد رہے کہ منشا بم کا نام اس وقت خبروں کی زینت بنا تھا، جب ایک بیرون ملک مقیم پاکستانی نے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ لاہور کے معروف علاقے جوہر ٹاؤن میں 9 پلاٹس پر منشا بم نے قبضہ کر رکھا ہے اور وہ قبضہ گروپ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: منشا بم اور بیٹوں کے وارنٹ گرفتاری جاری

اس معاملے پر چیف جسٹس نے کیس کی سماعت کی تھی، بعد ازاں یکم اکتوبر کو سپریم کورٹ نے منشا بم کو فوری گرفتار کرنے اور قبضہ کی گئی تمام اراضی واگزار کرانے کا حکم دیا تھا۔

ساتھ ہی عدالت عظمیٰ نے منشا بم اور ان کے چاروں بیٹوں کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا بھی حکم دیا تھا۔

جس کے بعد لاہور میں قبضہ گروپ کے خلاف ایک بڑا آپریشن کیا گیا تھا، تاہم منشا بم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔

منشا بم اور ان کے بیٹوں کے خلاف خلاف دہشت گردی کی خصوصی دفعات کے تحت تھانہ جوہر ٹاؤن میں مقدمہ درج تھے، جس پر 4 اکتوبر کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے منشا بم اور ان کے بیٹوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور انہیں 10 اکتوبر تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید پڑھیں: اراضی قبضہ کیس: سپریم کورٹ کا منشا بم کو فوری گرفتار کرنے کا حکم

10 اکتوبر کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کو منشا بم اور ان کے بیٹوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دیا تھا۔

سپریم کورٹ بھی منشا بم قبضہ گروپ سے متعلق کیس میں منشا بم کو فوری گرفتار کرکے قبضہ کی گئی تمام اراضی واگزار کرانے کا حکم دے چکی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں