سانپ نے شوہر کو ڈسا، شوہر نے ساتھ مرنے کیلئے بیوی کو کاٹ لیا

14 فروری 2019
وہ اپنی بیوی کو دنیا میں تنہا چھوڑنے کے لیے تیار نہیں تھا— اے ایف پی فائل فوٹو
وہ اپنی بیوی کو دنیا میں تنہا چھوڑنے کے لیے تیار نہیں تھا— اے ایف پی فائل فوٹو

اکثر جوڑے ایک ساتھ جینے اور ایک ساتھ مرنے کی قسیں کھاتے ہیں مگر ایک شخص نے اسے کچھ زیادہ ہی سنجیدہ لے لیا یا وہ اپنی بیوی کو دنیا میں تنہا چھوڑنے کے لیے تیار نہیں تھا۔

بھارت میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے جس کو پڑھ کر ہنسی بھی آتی ہے اور افسوس بھی ہوتا ہے۔

درحقیقت ایک شخص کو ایک زہریلے سانپ نے ڈس لیا تو اس نے مرتے مرتے سوچا کہ بیوی کو بھی ساتھ لے کر جاﺅں تو اس نے اپنی بیوی کی کلائی پر کاٹ لیا۔

نیوزویک کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست بہار کے ضلع سمستی پور میں پیش آیا جہاں شنکر رائے نامی شخص پر ایک زہریلے سانپ نے حملہ کیا۔

کچھ گھنٹوں کے اندر اس کی حالت انتہائی خراب ہوگئی اور جب اسے لگا کہ اب زیادہ وقت نہیں تو اس نے اپنی بیوی امیری دیوی کا ہاتھ تھامتے ہوئے کہا کہ اس کی آخری خواہش ہے کہ ہم دونوں اکھٹے مریں۔

اس کے بعد شنکر نے اپنے دانت اس توقع کے ساتھ اپنی بیوی کی کلائی میں دھنسا دیئے کہ اس کے جسم میں موجود زہر امیری دیوی میں منتقل ہوجائے گا اور وہ دونوں مرجائیں گے، اس کے بعد وہ بے ہوش ہوگیا۔

عینی شاہدین کے مطابق ڈاکٹرون نے وہاں پہنچ کر دونوں کو ہسپتال پہنچایا، جہاں زہر کے باعث شنکر ہلاک ہوگیا مگر اس کی بیوی کو بروقت بچالیا گیا۔

خاتون نے بعد میں بتایا 'اس نے مجھے کہا تھا کہ وہ مجھ سے بہت زیادہ محبت کرتا ہے اور چاہتا ہے کہ ہماری زندگی کا اختتام ایک ساتھ ہے، پھر میری کلائی پکڑ کر کاٹ لیا اور میں نے بھی اسے روکنے کی کوشش نہیں کی'۔

ڈاکٹروں نے بتایا کہ ہمیں معلوم ہوگیا تھا کہ خاتون کو بچانا ممکن ہے کیونکہ اس کا علاج بروقت شروع ہوگیا تھا اور اب وہ محفوظ ہے۔

بھارت میں سانپوں کے ڈسنے سے کافی اموات ہوتی ہیں اور 2017 میں ایک ہزار اموات کو ریکارڈ کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں