دورہ جنوبی ایشیا: سعودی ولی عہد بھارت پہنچ گئے

اپ ڈیٹ 20 فروری 2019
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا استقبال کیا — فوٹو: اے این آئی ٹوئٹر اکاؤنٹ
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا استقبال کیا — فوٹو: اے این آئی ٹوئٹر اکاؤنٹ

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دورہ جنوبی ایشیا کے دوران بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہنچ گئے۔

نئی دہلی کے ایئرپورٹ پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا استقبال کیا۔

خیال رہے کہ سعودی ولی عہد ان دنوں ایشیا کے مختلف ممالک کے دورے پر ہیں جہاں وہ جنوبی اور مشرقی ایشیا کی اہم ریاستوں میں اعلی حکام سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ اہم معاہدے بھی کر رہے ہیں۔

محمد بن سلمان دورہ نئی دہلی کے دوران بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی سمیت اہم بھارتی شخصیات سے دوطرفہ امور پر بات چیت کریں گے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب میں قید 2 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم

عرب ویب سائٹ عربین بزنس کی رپورٹ کے مطابق بھارت اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 27 ارب 48 کروڑ ڈالر سے زائد ہے، جو نئی دہلی کو ریاض کا چوتھا بڑا تجارتی شراکت دار بناتا ہے۔

بھارتی ویب سائٹ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کےمطابق دونوں ممالک کے درمیان اربوں ڈالر کے 5 معاہدوں سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔

ادھر ملائیشین ویب سائٹ مالائی میل کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنا دورہ ملائیشیا اور انڈونیشیا منسوخ کردیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی ولی عہد نے ملائیشیا سے نئے معاہدے کرنے تھے جبکہ اس دوران انہوں نے آئل ریفائنری اور پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کا افتتاح کرنا تھا۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے جنوبی اور مشرقی ایشیا کے دورے کے آغاز پاکستان سے کیا تھا، جہاں سے دورہ مکمل کرنے کے بعد وہ واپس سعودی عرب روانہ ہوگئے تھے۔

محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان کے دوران نور خان ایئربیس پر تپاک استقبال کیا گیا اور انہیں جیٹ طیاروں نے سلامی بھی دی۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 2018 میں 5 فیصد ترقی ہوئی، پاکستان کے پاس دنیا کی بڑی معیشت بننے کی اہلیت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں مسلمانوں پر مظالم کی مذمت کرتے ہیں، پاک-سعودی مشترکہ اعلامیہ

سعودی ولی عہد نے کہا کہ پاکستان جیواسٹریٹیجک اعتبار سے اہم ملک ہے، آج کا دن روشن مستقبل کی شروعات ہے اور عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کررہا ہے۔

وزیرِ اعظم پاکستان نے کہا کہ سعودی ولی عہد کی جانب سے خود کو پاکستان کا سفیر کہنا اعزاز کی بات ہے اور سوشل میڈیا پر محمد بن سلمان کے بیان کو بے حد سراہا گیا۔

سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے پاکستان کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کی تجدید کرتے ہوئے تمام شعبوں میں باہمی تعلقات کی بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت نے مقبوضہ کشمیر کے مسئلے سمیت خطے کے مسائل کا مذاکرات کے ذریعے حل نکالنے پر زور دیا اور دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی مذمت کی۔

واضح رہے کہ محمد بن سلمان کے دورے کے دوران ہی سعودی حکام نے سعودی جیلوں میں قید 2 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی رہائی کا حکم بھی دے دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں