'سستا ترین' 12 جی بی ریم والا اسمارٹ فون صارفین کے لیے پیش

20 فروری 2019
شیاؤمی می 9 — فوٹو بشکریہ شیاؤمی
شیاؤمی می 9 — فوٹو بشکریہ شیاؤمی

سام سنگ کی جانب سے دنیا کا پہلا 12 جی بی ریم اور ایک ٹی بی اسٹوریج والا اسمارٹ فون بدھ کو متعارف کرایا جارہا ہے مگر اس کے مقابلے میں شیاﺅمی نے بھی اپنا فلیگ شپ فون می 9 متعارف کرادیا ہے۔

چین میں ایک تقریب کے دوران شیاﺅمی می 9 کو متعارف کرایا گیا جو کہ گلیکسی ایس 10 پلس کی طرح 12 جی بی ریم والا فون ہے اور قیمت کے لحاظ سے جنوبی کورین کمپنی کے مقابلے میں کافی سستا ہے۔

می 9 میں طاقتور اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر دیا گیا ہے جو گلیکسی ایس 10 سیریز کا بھی حصہ بنے گا۔

یہ 6.39 انچ او ایل ای ڈی ڈاٹ ڈراپ ڈسپلے والا فون ہے جس میں 19:5:9 ایسپکٹ ریشو دیا گیا ہے جبکہ فنگرپرنٹ سنسر اسکرین کے اندر ہی نصب ہے۔

کمپنی کے مطابق اس نے ان اسکرین فنگرپرنٹ سنسر کو پہلے کے مقابلے میں بہتر کیا ہے اور یہ 25 فیصد زیادہ تیز ہے تاہم یہ سام سنگ گلیکسی ایس 10 کی طرح الٹراسونک نہیں بلکہ آپٹیکل ہے۔

شیاﺅمی می 9 میں کمپنی نے 6 جی بی اور 8 جی بی ڈی ڈی آر فور ایکس ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن دیئے ہیں۔

اس فون میں 3300 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے جو کہ 27واٹ فاسٹ وائرڈ چارجنگ جبکہ 20 واٹ فاسٹ وائرلیس چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہے۔

جہاں تک کیمروں کی بات ہے تو اس کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے۔

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

کمپنی نے 48 میگا پکسل سنسر مین کیمرے کے لیے استعمال کیا ہے جبکہ الٹرا وائیڈ اینگل لیس 16 میگا پکسل کا ہے اور ٹیلی فوٹو لینس کے لیے 12 میگاپکسل کیمرا دیا ہے۔

ان کیمروں کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس فیچرز سے بھی لیس کیا گیا ہے اور ایک نیا سپرمون موڈ دیا گیا ہے جو چاند کی واضح تصاویر لینے میں مدد دیتا ہے اور ایڈوانسڈ ٹریکنگ ویڈیو موڈ بھی فون کا حصہ ہے۔

یہ فون 26 فروری کو پہلے چین میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جس کی سکس جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والے فون کی قیمت 2999 چینی یوآن (62 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 3299 یوآن (68 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

12 جی بی ریم والا می 9 ٹرانسپیرنٹ ایڈیشن

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

شیاﺅمی نے اس فون کا 12 جی بی ریم والا فون اسپیشل ٹرانسپیرنٹ ایڈیشن کی شکل میں متعارف کرایا ہے جس کی خم گلاس باڈی کو مستقبل کے ڈیزائن کا حامل قرار دیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ دنیا کا پہلا اسمارٹ فون ہے جس میں 12 جی بی ہائی اسپیڈ ریم موجود ہے جبکہ 7P کیمرہ لینس ایف 1.47 آپرچر کے ساتھ دیا گیا ہے۔

12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والے اس فون کی قیمت 3999 یوآن (82 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے جو کہ گلیکسی ایس 10 کے سستے ترین ماڈل ایس 10 ای یا ایپل کے آئی فون ایکس آر سے بھی سستا ہے۔

کمپنی نے می 9 ایس ای کے نام سے ایک سستا ماڈل بھی متعارف کرایا ہے جو کہ 1999 یوآن (41 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں