پاکستان کا افغانستان کیلئے ایک اور وعدہ پورا، کابل میں ہسپتال کی تعمیر مکمل

ای میل

جناح ہسپتال کی تعمیر میں 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی لاگت آئی — فوٹو: دفتر خارجہ
جناح ہسپتال کی تعمیر میں 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی لاگت آئی — فوٹو: دفتر خارجہ

پاکستان نے پڑوسی ملک افغانستان کے ساتھ انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے لیے کیا گیا اپنا ایک اور وعدہ پورا کرتے ہوئے کابل میں 2 سو بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کرنے کے بعد افغان حکام کے حوالے کردیا۔

پاکستان کی جانب سے تعمیر کیا جانے والا یہ ہسپتال کابل کے علاقے دشت پرچی میں قائم کیا گیا ہے جس کا نام ’محمد علی جناح ہسپتال کابل‘ رکھا گیا ہے۔

ہسپتال کے افتتاح کے لیے پروقار افغان نائب صدر محمد سرور دانش، افغان وزیرِ صحت فیروز الدین فیروز اور پاکستان کے وفاقی وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا جنہوں نے ہسپتال کا افتتاح کیا۔

ہسپتال کے انتظام کو باقاعدہ طور پر پاکستان کی جانب سے افغان حکومت کے سپرد کیا گیا۔

مزید پڑھیں: افغانستان میں قیام امن کی کوششوں پر یورپی یونین پاکستان کا معترف

اس موقع پر علی محمد خان کا کہنا تھا کہ جناح ہسپتال افغانستان میں صحت کے شعبے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے افغانستان میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کا پیغام پہنچایا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان افغان عوام کی فلاح کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔‘

— فوٹو: دفتر خارجہ
— فوٹو: دفتر خارجہ

انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان ایک مستحکم، محفوظ، ترقی یافتہ، پُرامن اور خودمختار اسلام جمہوریہ افغانستان دیکھنے کا خواہشمند ہے۔‘

افغان وزیرِ صحت ڈاکٹر فیروز الدین فیروز نے جناح ہسپتال کی تعمیر پر پاکستان کے ساتھ اظہارِ تشکر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے صحت کے شعبے میں جناح ہسپتال کی صورت میں اس امداد کو سرہاتے ہیں، جس میں لوگار میں تعمیر کیا گیا 100 بستروں والا نائب امین اللہ خان ہسپتال اور جلال آباد میں نشتر کڈنی سینٹر بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا افغانستان سے متعلق بیان، کابل میں پاکستانی سفارتکار کی پھر طلبی

اس موقع پر افغانستان میں پاکستانی سفیر زاہد نصراللہ خان کا کہنا تھا کہ جناح ہسپتال پاکستان کے افغانستان میں ایک ارب ڈالر کے فلیگ شپ منصوبوں میں سے ایک منصوبہ ہے جو پاکستان کی دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطے بڑھانے کی پالیسی کا حصہ ہے۔

مذکورہ ہسپتال کی تعمیر میں 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی لاگت آئی جس میں جدید طرز کے علاج کی تمام تر سہولیات کے ساتھ مریضوں کے لیے تمام بنیادی سہولیات بھی مہیا ہوں گی۔

خیال رہے کہ پاکستان پڑوسی ملک میں انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے لیے ایک ارب ڈالر سے زائد خرچ کرے گا، جس کے تحت بیشتر منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں۔

— فوٹو: دفتر خارجہ
— فوٹو: دفتر خارجہ