ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ، خاتون اور لڑکا جاں بحق

اپ ڈیٹ 05 مئ 2019
حکام کے مطابق واقعے میں ایک خاتون بھی زخمی ہوئیں — فائل فوٹو/ رائٹرز
حکام کے مطابق واقعے میں ایک خاتون بھی زخمی ہوئیں — فائل فوٹو/ رائٹرز

آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مقام پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید ایک خاتون اور ایک 12 سالہ لڑکا جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔

حکام کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے فائر کیا گیا مارٹر شیل خاتون کے مکان پر آگرا تھا۔

مقامی پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ کے علاقے سہرا میں پیش آیا، جہاں بھارتی فورسز نے صبح 10 بجکر 45 منٹ پر بلا اشتعال فائرنگ کا آغاز کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مارٹر شیل متاثرین کے مکان میں آکر گرا اور اس کے پھٹنے سے خاتون جاں بحق اور ان کی بہو زخمی ہوگئیں'۔

مزید پڑھیں: ایل او سی: بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے شہری جاں بحق

پولیس نے بتایا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

پونچھ کی ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ آفیسر (ڈی ڈی ایم او) روبینہ کنول نے مقتولہ کی شناخت 45 سالہ نسرین بیگم کے نام سے کی جبکہ زخمی خاتون کی شناخت سونیا نعیم کے نام سے کی گئی۔

پونچھ کے ہمسایہ ضلع کوٹلی کے ڈی ڈی ایم او شارق طلعت نے ڈان کو بتایا کہ ان کے علاقے میں بھی بھارتی فورسز کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کھوئی رٹہ کے مال گجراں نامی گاؤن میں بھارتی فورسز کی شیلنگ سے 12 سالہ لڑکا محمد شاہد ہلاک ہوگیا۔

آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے بھارتی فورسز کی شیلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ایک اور معصوم شہری کی جان چلی گئی۔

انہوں نے کہا کہ 'بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کا عمل ان کی بزدلی کا مظہر ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بھارتی حکومت کو یہ غلط فہمی ہے کہ اس طرح کے واقعات سے ہمارا مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے موقف تبدیل ہوجائے گا'۔

وزیراعظم نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی اہم وجہ کو ختم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فورسز کی فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوانوں سمیت 4 افراد شہید

یاد رہے کہ رواں سال فروری میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں قابض فورسز پر ہونے والے حملے کے بعد سے انڈین فورسز نے ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔

حکام کے مطابق پونجھ میں خاتون کی ہلاکت کے بعد رواں سال بھارتی شیلنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے، جن میں 6 خواتین بھی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں اس عرصے میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 82 ہے جن میں 33 خواتین ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں