نشوا ہلاکت کیس:نجی ہسپتال کے چیئرمین،نائب چیئرمین کی عبوری ضمانت منظور

عدالت نے آئندہ سماعت کے لیے پراسیکیوٹر جنرل کو نوٹس جاری کر دیا — فائل فوٹو / اے ایف پی
عدالت نے آئندہ سماعت کے لیے پراسیکیوٹر جنرل کو نوٹس جاری کر دیا — فائل فوٹو / اے ایف پی

نشوا ہلاکت کیس میں سندھ ہائی کورٹ نے نجی ہسپتال کے چیئرمین اور نائب چیئرمین کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

دارالصحت ہسپتال کے چیئرمین عامر ولی الدین چشتی اور نائب چیئرمین سید علی فرحان گزشتہ روز سیشن کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں مسترد ہونے کے بعد پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہوگئے تھے۔

درخواستیں مسترد ہونے کے بعد دونوں نے عبوری ضمانت کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

درخواستوں کی ابتدائی سماعت کے بعد ہائی کورٹ کے جسٹس صلاح الدین پنھور پر مشتمل ایک رکنی بینچ نے 5، 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض دونوں کی 10 روز کی ضمانت منظور کر لی اور آئندہ سماعت کے لیے پراسیکیوٹر جنرل کو نوٹس جاری کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: نشوا ہلاکت کیس: ضمانت منسوخ ہونے پر ملزمان عدالت سے فرار

خیال رہے کہ 9 ماہ کی بچی نشوا کو پیٹ میں تکلیف کے باعث 7 اپریل کو کراچی کے دارالصحت ہسپتال لایا گیا تھا جہاں غلط انجیکشن کے باعث ان کے دماغ کو نقصان پہنچا تھا اور کئی روز تک زیر علاج رہنے کے بعد وہ انتقال کر گئی تھی۔

بعد ازاں ہسپتال کو سیل کردیا گیا تھا اور اسٹاف کے کئی اراکین کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

واقعے کے مقدمے میں ہسپتال کے مالک عامر چشتی اور وائس چیئرمین سید علی فرحان کو انتظامیہ اور طبی عملے کے 6 مفرور اور 4 زیر حراست ملزمان کے ہمراہ نامزد کیا گیا تھا جبکہ مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 302، 322، 337 اور 34 کے تحت بچی کے والد قیصر علی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مزید پڑھیں: نشوا ہلاکت کیس: 6 مفرور ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری

بعد ازاں 6 مئی کو مقامی عدالت نے کیس میں 2 ڈاکٹروں سمیت 6 مفرور ملزمان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں