اپرکوہستان: گاڑی دریا میں گرنے سے بچوں، خواتین سمیت 26 افراد ڈوب گئے

اپ ڈیٹ 31 اگست 2019
دریا میں سے 4 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ دیگر لاشوں کی تلاش جاری ہے—فوٹو: ڈان نیوز
دریا میں سے 4 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ دیگر لاشوں کی تلاش جاری ہے—فوٹو: ڈان نیوز

اپر کوہستان کی تحصیل کندیا میں مسافر بردار گاڑی دریا میں گرنے سے بچوں اور خواتین سمیت 26 افراد ڈوب گئے۔

اس حوالے سے ابتدائی معلومات میں یہ بات سامنے آئی کہ کندیا کے علاقے بریگو میں لکڑی کا پل ٹوٹ جانے سے مسافروں سے بھری گاڑی دریا میں جا گری۔

مزیدپڑھیں: کوہستان:دریائے سندھ میں چیئر لفٹ گرنے سے 4 افراد ہلاک

سول ڈیفنس کے چیف وارڈن احسان الحق کے مطابق ایک پک اپ گاڑی کندیا جارہی تھی، جس میں بچوں اور خواتین سمیت کم از کم 31 مسافر سوار تھے۔

انہوں نے بتایا کہ جب گاڑی بریگو میں لکڑی کے پل پر پہنچی تو پل گاڑی کا بوجھ برداشت نہ کرسکا اور ٹوٹ گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 31 میں سے 5 مسافروں نے گاڑی میں سے چھلانگ لگا کر اپنی جانیں بچالیں تاہم دیگر مسافر ڈوب گئے۔

چیف وارڈن نے مزید بتایا کہ دریا میں سے 4 لاشیں نکال لی گئیں جبکہ دیگر کی تلاش تاحال جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دریائے سوات میں جیپ گرنے سے پانچ افراد ڈوب گئے

انہوں نے بتایا کہ امدادی ٹیمیں، مقامی افراد اور پولیس دریا میں دیگر افراد کی تلاش میں مصروف ہیں جبکہ ڈوبنے والوں میں 5 بچے اور 4 خواتین بھی شامل ہیں۔

مذکورہ واقعے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ جن افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں وہ اپر کوہستان کی تحصیل کندیا کے گاؤں بریگو کے رہائشی اور قریبی رشتے دار تھے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ گلگت کے علاقے جگلوٹ میں 5 خواتین کپڑے دھونے کے دوران دریائے سندھ میں ڈوب گئیں تھیں، جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

مزیدپڑھیں: بھارتی فائرنگ:پاک فوج کے 4 جوان دریائے نیلم میں ڈوب گئے

اس سے قبل جولائی میں اپر کوہستان میں کامیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں گاڑی گرنے سے ایک ہی خاندان کے 12 افراد جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہوگئے تھے۔

بدقسمت خاندان ایک مریض کو سو سے داسو لے جارہا تھا کہ جب ڈرائیور ایک موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی کا کنٹرول کھو بیٹھا تھا، جس کے نتیجے میں گاڑی سڑک سے ٹکراتے ہوئے دریا میں جا گری تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں