’فرانسیسی صدر کی بیوی واقعی بد صورت ہیں‘

اپ ڈیٹ 06 ستمبر 2019
بریغت تروغنوث اپنے شوہر فرانسیسی صدر سے 24 سال بڑی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
بریغت تروغنوث اپنے شوہر فرانسیسی صدر سے 24 سال بڑی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

گزشتہ ماہ اگست میں فرانس میں ہونے والے ’گریٹ سیون‘ (جی سیون) ممالک کے اجلاس کے دوران برازیلی صدر جیئر بولسونارو نے فیس بک پوسٹ پر فرانسیسی صدر کی اہلیہ سے متعلق نامناسب ریمارکس دیے تھے۔

جیئر بولسونارو کی جانب سے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی اہلیہ بریغت تروغنوث کے حوالے سے نامناسب الفاظ کہنے پر ہنگامہ بھی ہوا تھا۔

فرانسیسی صدر نے بھی برازیلی صدر کی جانب سے ان کی اہلیہ سے متعلق کہے گئے الفاظ پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

برازیلی صدر جیئر بولسونارو نے اپنے ایک مداح کی جانب سے ٹیگ کی جانے والی فیس بک تصویر پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی اہلیہ بریغت تروغنوث کے حوالے سے اگرچہ واضح طور پر کچھ نہیں لکھا تھا، تاہم ان کی ذو معنی بات کا اشارہ ان ہی کی جانب تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایمیزون جنگلات آگ میں برازیلی و فرانسیسی صدور کی بیویوں کا کیا کام؟

برازیلی صدر نے دراصل فرانسیسی صدر کو طعنہ دیا تھا کہ ان کی اہلیہ ان سے 24 سال بڑی ہیں اور اس پر فرانسیسی صدر کو شرمندہ نہ کیا جائے۔

فرانسیسی صدر کی اہلیہ ان کی استانی بھی رہ چکی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
فرانسیسی صدر کی اہلیہ ان کی استانی بھی رہ چکی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

بعد ازاں برازیلی صدر نے جی سیون اجلاس کے دوران ایک تقریب کے دوران فرانسیسی صدر کی اہلیہ کو بدصورت خاتون کہہ کر بھی پکارا تھا۔

برازیلی صدر کے بعد اب اسی کے ماتحت ایک وزیر نے بھی فرانسیسی صدر کی اہلیہ کو ’بد صورت‘ قرار دے دیا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق برازیل کے وزیر معیشت پاؤلو گدیس نے اپنے صدر کے بیان کی تائید کرتے ہوئے فرانسیسی صدر کی اہلیہ کو ’بد صورت‘ قرار دیا۔

برازیلی صدر اور وزیر معیشت دونوں نے فرانسیسی صدر کی اہلیہ کے لیے نامناسب الفاظ کہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
برازیلی صدر اور وزیر معیشت دونوں نے فرانسیسی صدر کی اہلیہ کے لیے نامناسب الفاظ کہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاؤلو گدیس نے مختصر طور پر کہا کہ برازیلی صدر درست کہہ رہے ہیں ’فرانسیسی صدر کی اہلیہ واقعی بدصورت خاتون ہیں‘۔

حکومتی وزیر کی جانب سے فرانسیسی صدر کی اہلیہ کے حوالے سے نامناسب الفاظ کہے جانے پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا، جس پر بعد ازاں انہوں نے معذرت بھی کی۔

مزید پڑھیں: نومنتخب فرانسیسی صدر کون اور ان کی انوکھی محبت کیا؟

وزارت معیشت کی جانب سے جاری ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ پاؤلو گدیس کو فرانسیسی صدر کی اہلیہ کے حوالے سے کہے جانے والی بات پر افسوس ہے اور وہ اس حوالے سے معذرت خواہ ہیں۔

خیال رہے کہ فرانسیسی صدر کی اہلیہ ان کی استانی بھی رہی ہیں اور وہ ان سے عمر میں 24 سال بڑی ہیں اور ان کا بڑا بیٹا بھی شوہر سے 2 سال بڑا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے برازیلی صدر کی اہلیہ ان سے 27 سال کم عمر ہیں—فوٹو: اے پی
دلچسپ بات یہ ہے برازیلی صدر کی اہلیہ ان سے 27 سال کم عمر ہیں—فوٹو: اے پی

دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں فرانسیسی صدر کی اہلیہ عمر میں ان سے 24 سال بڑی ہیں، وہیں برازیلی صدر کی اہلیہ عمر میں ان سے 27 سال چھوٹی ہیں۔

برازیلی صدر کی اہلیہ مشیل بولسونارو، جہاں ان سے 27 سال کم عمر ہیں، وہیں وہ ان کی تیسری بیوی ہیں۔

برازیلی صدر کی پہلی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئی تھیں اور انہوں نے خود سے 27 سالہ کم عمر مشیل سے 2013 میں شادی کی تھی۔

ان دونوں کے تعلقات 2010 کے آغاز میں استوار ہوئے تھے اور دونوں کے ہاں 2011 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی جس کے 2 سال بعد انہوں نے شادی کرلی۔

برازیلی صدر نے کم عمر اہلیہ سے تیسری شادی 2013 میں کی—فوٹو: اے پی
برازیلی صدر نے کم عمر اہلیہ سے تیسری شادی 2013 میں کی—فوٹو: اے پی

تبصرے (0) بند ہیں