16سالہ نسیم شاہ نے آسٹریلیا کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

اپ ڈیٹ 01 نومبر 2019
نسیم شاہ پہلی مرتبہ قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں— فوٹو بشکریہ پی سی بی
نسیم شاہ پہلی مرتبہ قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں— فوٹو بشکریہ پی سی بی

دورہ آسٹریلیا کے لیے منتخب کیے گئے پاکستان کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے قائد اعظم ٹرافی میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلین ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ میں نوجوان فاسٹ باؤلر موسیٰ خان اور نسیم شاہ کو بھی شامل کیا ہے۔

مزید پڑھیں: موسیٰ اور نسیم شاہ آسٹریلین بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرنے کیلئے پرعزم

16سالہ نسیم شاہ نے اب تک انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کی لیکن وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی تیز باؤلنگ اور باؤنسرز کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔

دورہ آسٹریلیا کے لیے جانے سے قبل ہی نسیم شاہ نے اپنے انتخاب کو درست ثابت کرتے ہوئے فارم کا بھی ثبوت پیش کیا۔

پاکستان کے سب سے بہترین ڈومیسٹک ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ باؤلر نے اپنی شاندار باؤلنگ سے سندھ کی بیٹنگ لائن کو تہنس نہس کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا۔

فیصل آباد میں میچ کے دوران سینٹرل پنجاب کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 313 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، احمد شہزاد، کامران اکمل اور فہیم اشرف نے نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔

جواب میں فواد عالم نے 92 اور سعد علی نے 81 رنز کی اننگز کھیلیں لیکن اس کے باوجود ٹیم سندھ صرف 256 رنز پر ڈھیر ہو گئی جس کی وجہ نسیم شاہ تھے۔

16سالہ فاسٹ باؤلر نے عمدہ فاسٹ باؤلنگ کرتے ہوئے 78 رنز دے کر 6وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

واضح رہے کہ موجودہ فرسٹ کلاس سیزن میں کسی بھی باؤلر کی جانب سے پہلی مرتبہ ایک اننگز میں 5وکٹیں لی گئی ہیں۔

سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرنے والے نسیم شاہ قائد اعظم ٹرافی کے 4میچز میں اب تک 15وکٹیں لے چکے ہیں۔

بعدازاں پی سی بی سے گفتگو کرتے ہوئے نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ دورہ آسٹریلیا سے قبل 6وکٹیں لینے سے میرے اعتماد میں بہت اضافہ ہوا ہے اور میں بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میچ سے قبل مصباح الحق اور وقار یونس سے بات ہوئی تھی اور انہوں نے مجھے طویل اسپیل کرتے ہوئے اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی ہدایت کی تھی اور مجھے خوشی ہے کہ میں مکمل رفتار اور سوئنگ کے ساتھ باؤلنگ کرنے میں کامیاب رہا۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے نسیم شاہ کو دورہ آسٹریلیا کے لیے سرپرائز پیکج قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 'دورہ آسٹریلیا نوجوانوں کیلئے ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کا نادر موقع ہے'

مصباح نے کہا تھا کہ نسیم شاہ ڈومیسٹک کرکٹ میں چار روزہ میچوں میں اچھی باؤلنگ کر رہے ہیں اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ ہر اسپیل میں ان کی رفتار برقرار رہتی ہے جبکہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز سے بھی انہیں معاونت ملے گی لہٰذا ہم سب ان کی ٹیم میں موجودگی پر بہت خوش ہیں۔

پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 3 نومبر سے شروع ہونے والے ٹی20 سیریز کے ذریعے اپنی مہم کا آغاز کرے گی جس کے بعد دونوں ٹیمیں ٹیسٹ سیریز میں نبردآزما ہوں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں