ایف بی آر افسران کی حکومت کے اصلاحاتی پروگرام کی مخالفت

06 نومبر 2019
چیئرمین ایف بی آر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس معاملے پر بات نہیں کی —فائل فوٹو: اے پی پی
چیئرمین ایف بی آر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس معاملے پر بات نہیں کی —فائل فوٹو: اے پی پی

اسلام آباد: اِن لینڈ ریونیو کے 23 چیف کمشنرز نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کے ساتھ ایک ملاقات میں مطالبہ کیا کہ ٹیکس اتھارٹی کے مجوزہ اصلاحاتی اقدامات واپس لیے جائیں۔

تاہم اگر حکومت 2 دن میں یہ معاملہ حل نہیں کرسکی تو ان کا آئندہ کا لائحہ عمل کیا ہوگا اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

اس ضمن میں متعدد افراد نے ڈان سے گفتگو میں ہڑتال یا ’قلم چھوڑ ہڑتال‘ کرنے کا امکان ظاہر کیا لیکن مشترکہ طور پر ایسی کوئی دھمکی دینے سے گریز کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں جب چیئرمین ایف بی آر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس معاملے پر بات نہیں کی اور کہا کہ ’اس حوالے سے پریشان ہونے کی ضروری نہیں، اصلاحاتی عمل تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے شروع کیا جائے گا'۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر اور ٹیکس اکٹھا کرنے کے نظام کی تنظیم نو کا فیصلہ

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایف بی آر ریونیو کلیکشن کے حوالے سے ہدف پر مرکوز ہے اور ریونیو شارٹ فال کے حوالے سے بات نہیں کی۔

خیال رہے کہ اس اصلاحاتی عمل کے تحت حکومت نے ملک بھر میں قائم ریجنل ٹیکس آفیسز (آر ٹی اوز) اور لارج ٹیکس پیئر (ایل ٹی یوز) کی سربراہی کرنے والے 23 چیف کمشنر کے عہدے ختم کرنے کی تجوزیز دی تھی۔

اس اقدام کے نتیجے میں 174 کمشنرز کو براہِ راست رکنِ اِن لینڈ ریونیو آپریشنز کو رپورٹ کرنا ہوگا۔

آئی آر ایس کے افسران کے اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں حکومت کے اصلاحاتی پروگرام کے تحت پاکستان ریونیو اتھارٹی کے قیام کی حمایت کی گئی تھی تاہم اس ادارے کے لیے مجوزہ انتظامی ڈھانچے کی مخالفت کی گئی۔

مزید پڑھیں: ایف بی آر ٹھیک نہیں ہوا تو نیا ادارہ بنادیں گے، وزیراعظم

اجلاس کے بارے میں ذرائع نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آئی آر ایس افسران نے چیئرمین ایف بی آر نے پوچھا کہ حکومت کی توجہ صرف ایف بی آر میں اصلاحات پر کیوں مرکوز ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایف بی آر کی کارکردگی اعدادو شمار سے ظاہر ہے جہاں ریونیو کلیکشن سال 2010 کے 10 کھرب سے بڑھ کر 50 کھرب تک جاپہنچی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں