شیخ رشید کا ملک میں مہنگائی، بے روزگاری، بیڈ گورننس کا اعتراف

اپ ڈیٹ 18 نومبر 2019
شیخ رشید کا کا کہنا تھا کہ ایک آدمی بیمار ہے اسے باہر جانے دیں اس پر سیاست نہ کریں —تصویر:ڈان نیوز
شیخ رشید کا کا کہنا تھا کہ ایک آدمی بیمار ہے اسے باہر جانے دیں اس پر سیاست نہ کریں —تصویر:ڈان نیوز

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے راولپنڈی میں ایک تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے نوازشریف کو روانگی کی اجازت دینے کے فیصلے کے خلاف حکومت کو سپریم کورٹ سے نہ رجوع کرنا چاہیے نہ رجوع کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک آدمی بیمار ہے اسے باہر جانے دیں اس پر سیاست نہ کریں اس کے ساتھ اس شخص کو بھی اس معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، یہ نہ ہو کے فلم الٹی چلنی شروع ہوجائے۔

کابینہ میں ردو بدل اور گورنر کو عہدے سے ہٹانے کی اطلاعات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کسی قسم کی معلومات سے انکار کیا۔

یہ بھی دیکھیں: نوازشریف بیماری کا بہانہ کر رہے ہیں، شیخ رشید

انہوں نے بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے کا 43 کلومیٹر پر محیط ٹریک میں سے 38 کلومیٹر خالی کروالیا گیا ہے اور بقیہ 5 کلومیٹر پر 10 ہزار سے زائد گھر قائم ہیں جس کے لیے سندھ حکومت کام کرے اور ہم یہ منصوبہ بھی سندھ کو دینے کے لیے تیار ہیں۔

حادثات کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حادثات میں ریلوے کے عملے کی کوتاہیاں ہیں جس سے میری محنت پر پانی پھرجاتا ہے۔

ملک کے حالات کے بارے میں شیخ رشید نے کہا کہ میں اتفاق کرتا ہوں کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری ہے اور گڈ گورننس نہیں ہے جس پر قابو کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کام کررہے ہیں اور کام کریں گے تو ہی عزت پائیں گے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف، آصف زرداری کی سیاست دم توڑ چکی، شیخ رشید

آصف زرداری کی بیرونِ ملک روانگی کے بارے میں شیخ رشید نے کہا کہ ’5 افراد کا کیس ہے، ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ خورشید شاہ کے علاوہ باقی سب پلی بارگین پر ہیں جبکہ خورشید شاہ اور حمزہ شہباز بری طرح پھنسے ہوئے ہیں'۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں راولپنڈی واحد شہر ہوگا جس میں 4 یونیورسٹیز ہوں گی اس کے علاوہ ہم نے ہسپتالوں کی صورتحال بہتر کردیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی کے خیابان سرسید چوک پر 200 کنال رقبے کا دنیا کا جدید ترین 14 آپریشن تھیٹر والا زچہ و بچہ ہسپتال بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: علما نے جب بھی تحریک چلائی ملک میں مارشل لا لگا، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ راولپنڈی خواتین کی تعلیم کے لحاظ سے 27ویں نمبر پر تھا جو گزشتہ 10 سال سے پہلے نمبر پر موجود ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ چین کی معاونت سے ریلوے یونیورسٹی بنائی جارہی ہے جس کے لیے فنڈز چین فراہم کرے گا جبکہ زمین محکمہ ریلوے کی ہوگی اور اس یونیورسٹی میں چینی تعلیم کو اہمیت دی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں