والد کے انتقال پر یوٹیوب اسٹار سیلفی کے مطالبے پر برہم

اپ ڈیٹ 22 نومبر 2019
بریٹ مین راک کا شمار یوٹیوب کے نامور اسٹارز میں کیا جاتا ہے — فوٹو/ اے ایف پی
بریٹ مین راک کا شمار یوٹیوب کے نامور اسٹارز میں کیا جاتا ہے — فوٹو/ اے ایف پی

فلپائن سے تعلق رکھنے والے نامور یوٹیوبر اور ویڈیو لاگر بریٹ مین راک نے والد کے انتقال کے موقع پر بغیر اجازت گھر آکر تصویر لینے کی خواہش کرنے والے مداحوں کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

بریٹ مین راک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر چند ٹوئٹس کے ذریعے اپنے پرستاروں سے درخواست کی کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کی رازداری کا خیال رکھیں۔

اپنی پہلی ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ 'کیا لوگ مجھے ایک دن کے لیے بھی افسوس کرنے دے سکتے ہیں؟ میں فلپائن میں موجود ہوں کیوں کہ میرے والد کا انتقال ہوا ہے، میرے گھر نہ آئیں اور نہ یہاں آکر مجھے سے تصاویر کھچوانے کی درخواست کریں، بہت سے لوگ بغیر بلاوے کے میرے والد کی آخری رسومات کے موقع پر میرے گھر آگئے اور یہاں آکر میرے والد اور میرے خاندان کی تصاویر لینا شروع کردی، آخر کیوں؟'

انہوں نے مزید لکھا کہ لوگ اس وقت بھی ان کے ساتھ سیلفیاں لیتے رہے جب وہ رو رہے تھے۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ 'مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ لوگ ایسا کیسے سوچ سکتے ہیں کہ میرے ساتھ اس وقت تصاویر لینا ٹھیک ہیں! جب رو رو کر میری آنکھیں سوج چکی ہیں، آپ کسی سے تعزیت ایسے کرتے ہیں؟ کہ کیا میں آپ کے ساتھ تصویر لے سکتا ہوں؟'

بریٹ مین راک کی ان ٹوئٹس کے بعد سے مداح انہیں سپورٹ کرتے ہوئے ایسے افراد کو شدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں جن کی غیر اخلاقی حرکت سے یوٹیوبر کی دل آزاری ہوئی۔

ایک مداح نے لکھا کہ 'میں معافی مانگتی ہوں، یہ نفرت انگیز حرکت تھی، لوگوں کو اپنی حدود سمجھنی چاہیے، آپ کو اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنا ہے اور مداحوں کو اس بات کا احترام کرنا چاہیے'۔

کسی نے انہیں اپنے ساتھ باڈی گارڈ رکھنے کا بھی مشورہ دیا۔

انہوں نے لکھا کہ 'مجھے یہ پڑھ کر بےحد افسوس ہوا، مجھے دکھ ہے کہ آپ کو یہ سب برداشت کرنا پڑا، آپ کے نقصان کا بھی بہت دکھ ہے'۔

رواں ماہ کے آغاز میں ایک مداح نے یوٹیوبر سے سوال کیا کہ وہ کئی روز سے انسٹاگرام پر کچھ بھی شیئر کیوں نہیں کررہے تو اس پر یوٹیوب اسٹار نے بتایا تھا کہ ان کے والد کوما میں جاچکے ہیں۔

ریڈٹ پر موجود صارفین کے مطابق بریٹ مین راک نے والد کے انتقال کی خبر کو انسٹاگرام پر ایک اسٹوری کے ذریعے شیئر کیا، جو 24 گھنٹے بعد غائب ہوگئی۔

ان کی بہن نے بھی والد کے ہمراہ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کرکے اس خبر کا اعلان کیا تھا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

واضح رہے کہ بریٹ مین راک کے یوٹیوب چینل کو 67 لاکھ 50 ہزار افراد سے زائد سسکرائب کرچکے ہیں۔

وہ چیزوں کے ریویوز کے ساتھ ساتھ مزاحیہ ویڈیوز اور میک اپ ٹوٹوریل ویڈیوز شیئر کرتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں