بھارت: متنازع شہریت ایکٹ پر عملدرآمد کا نوٹیفکیشن جاری

اپ ڈیٹ 11 جنوری 2020
مذکورہ قانون کو 12 دسمبر کو بھارتی صدر کی منظوری دی گئی تھی—فوٹو: اے ایف پی
مذکورہ قانون کو 12 دسمبر کو بھارتی صدر کی منظوری دی گئی تھی—فوٹو: اے ایف پی

بھارت کے وزارت داخلہ امور نے متنازع شہریت (ترمیمی) ایکٹ 2019 پر عملدرآمد کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق شہریت (ترمیمی) ایکٹ کی شقوں کا اطلاق 10 جنوری سے شروع ہوچکا ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت میں متنازع شہریت بل کے خلاف احتجاج، ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی

واضح رہے کہ گزشتہ برس 11 دسمبر کو پارلیمنٹ سے شہریت ترمیمی ایکٹ منظور ہوا جس کے تحت 31 دسمبر 2014 سے قبل 3 پڑوسی ممالک سے بھارت آنے والے ہندوؤں، سکھوں، بدھ متوں، جینز، پارسیوں اور عیسائیوں کو بھارتی شہریت دی جائےگی۔

اس بل کی مخالفت کرنے والی سیاسی جماعتوں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ بل کے تحت غیر قانونی طور پر بنگلہ دیش سے آنے والے ہندو تارکین وطن کو شہریت دی جائے گی، جو مارچ 1971 میں آسام آئے تھے اور یہ 1985 کے آسام معاہدے کی خلاف ورزی ہوگی۔

مذکورہ قانون کو 12 دسمبر کو بھارتی صدر کی منظوری دی گئی تھی۔

ایڈیشنل سیکرٹری انیل ملک کے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا '10 جنوری 2020 سے مذکورہ ایکٹ کی دفعات نافذ العمل ہوں گی'۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: ایوان صدر کی طرف جانے والے یونیورسٹی طلبہ پر پولیس کا لاٹھی چارج

خیال رہے کہ بھارت کی لوک سبھا اور راجیا سبھا نے متنازع شہریت ترمیمی بل منظور کر لیا تھا جس کے بعد سے ملک بھر میں خصوصاً ریاست آسام میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

علاوہ ازیں 9 جنوری کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو متنازع شہریت قانون کے نفاذ پر سخت احتجاج کے باعث بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اپنا آسام کا دورہ منسوخ کرنا پڑگیا تھا۔

اس سے قبل واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے متنازع شہریت قانون کی حمایت حاصل کرنے کے لیے گزشتہ دنوں ممبئی میں ایک اجلاس منعقد کروایا تھا جس میں نامور فلمی شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا تاہم ایک بھی اداکار یا اداکارہ نے اس اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی۔

4جنوری کو بھارت کی ہندو قوم پرست حکومت کے منظور کردہ مسلمان مخالف شہریت قانون کے خلاف جنوبی شہر بنگلور میں تقریباً 30 ہزار، سلی گوری میں 20 ہزار سے زائد اور چنائی میں بھی ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا جبکہ نئی دہلی، گوہاٹی اور دیگر شہروں میں بڑی ریلیاں نکالی گئیں تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں متنازع بل پر ہنگامے: امریکا، برطانیہ کا اپنے شہریوں کیلئے سفری انتباہ

یاد رہے کہ متنازع قانون کے خلاف پرتشدد مظاہروں میں کم از کم 25 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں