پی ایس ایل: اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دے دی

اپ ڈیٹ 23 فروری 2020
رونکی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا—فوٹو:اے ایف پی
رونکی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا—فوٹو:اے ایف پی
ذیشان اشرف نے 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی — فوٹو: ٹوئٹر
ذیشان اشرف نے 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی — فوٹو: ٹوئٹر
اسلام آباد کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا—فوٹو:ڈان نیوز
اسلام آباد کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا—فوٹو:ڈان نیوز

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 میں پہلی فتح حاصل کرلی اور تیسرے روز کے دوسرے میچ میں ملتان سلطانز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر قیمتی پوائنٹس بھی اپنے نام لیے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے پانچویں میچ میں شاداب خان نے ٹاس جیتا اور گزشتہ روز لاہور قلندرز کو اسی میدان میں شکست دینے والی ملتان سلطانز کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز کپتان شان مسعود اور جیمز وِنس نے کیا، 41 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود 21 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد معین علی کریز پر آئے جنہوں نے جیمز ونس کے ساتھ مل کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا لیکن 10ویں اوور میں 69 کے مجموعے پر وہ بھی ہمت ہار گئے اور اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 10 رنز بنائے تھے۔

عماد بٹ کے اسی اوور میں رلی روسوو اپنی پہلی ہی گیند پر اسی پوزیشن پر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔

جیمز وِنس بھی 31 گیندوں میں 42 رنز بنانے کے بعد عماد بٹ کا شکار بن گئے، اس وقت سلطانز کا مجموعی اسکور 87 رنز تھا۔

ملتان سلطانز کا وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور 111 کے مجموعے پر خوشدل شاہ بھی وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس موقع پر وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور چھوٹی چھوٹی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھاتے رہے۔

135 کے مجموعے پر شاہ آفریدی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ 10 بنانے کے بعد سہیل تنویر پویلین لوٹے۔

ملتان سلطانز نے ذیشان اشرف کی 4 چوکوں اور 3 چھکوں سے مزین 50 رنز کی شاندار اننگز کے باعث مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد بٹ نے 4 وکٹیں حاصل کی، فہیم اشرف نے 2، عاکف جاوید اور موسیٰ خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں رونکی اور کولن منرو نے اسلام آباد کے لیے جارحانہ آغاز کیا اور ٹیم کی نصف سنچری پانچویں اوور میں ہی مکمل کرلی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 92 رنز بنائے۔

کولن منرو نے 32 گیندوں پر شاندار 50 رنز بنائے جس میں 3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے تاہم انہیں شاہد آفریدی نے دسویں اوور میں آؤٹ کیا لیکن رونکی نے اسی رفتار سے بیٹنگ جاری رکھی اور 30 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

ڈیوڈ ملان نے رونکی کا بھرپور ساتھ دیا اور نصف سنچری شراکت کی گو کہ اس دوران دونوں بلے بازوں کو چانس بھی ملے لیکن رنز بنانے کی رفتار کو کہیں گرنے نہیں دیا۔

رونکی نے 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن ایک ایسے وقت میں کیچ آؤٹ ہوئے جب جیت کے لیے محض 2 رنز درکار تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر 17ویں اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کرلیا۔

ڈیوڈ ملان نے ناقابل شکست 35 رنز بنائے اور کولن انگرام نے ایک رن بنایا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد الیاس اور شاہد آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

لیوک رونکی کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز نے اپنے اپنے افتتاحی میچوں میں کامیابی سمیٹتے ہوئے قیمتی پوائنٹس حاصل کیے تھے تاہم پشاور زلمی نے اپنے دوسرے میچ میں کوئٹہ کو شکست دے کر پہلی فتح حاصل کرلی جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو دوسرے میچ میں زیر کرلیا اور پہلی کامیابی سمیٹ لی۔

خیال رہے کہ افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

دوسری جانب ملتان سلطانز نے اپنے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی تھی اور لاہور قلندرز کو باآسانی 5 وکٹوں سے ہرا کر قیمتی پوائنٹس حاصل کیے تھے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

ملتان سلطانز: شان مسعود (کپتان)، جیمز ونس، رلی روسو، خوشدل شاہ، معین علی، ذیشان اشرف، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، محمد الیاس، عمران طاہر اور محمد عرفان

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان (کپتان)، کولن منرو، لیوک رونکی، ڈیوڈ ملان، حسین طلعت، آصف علی، فہیم اشرف، کولن انگرام، عماد بٹ، عاکف جاوید، موسیٰ خان

تبصرے (0) بند ہیں