لاک ڈاؤن کے باعث طلب کم ہونے پر دودھ کی قیمتوں میں نمایاں کمی

26 مارچ 2020
دودھ کی کھپت میں کمی آگئی—فائل فوٹو: رائٹرز
دودھ کی کھپت میں کمی آگئی—فائل فوٹو: رائٹرز

کراچی: کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈاؤن کے دوران چائے کے ہوٹلز کی بندش کے باعث دودھ کی کھپت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آرہی ہے اور تازہ دودھ کی قیمتوں میں بھی کمی ہوگئی ہے۔

اس حوالے سے ایک ڈیری فارمر اور ہول سیل سپلائر عبدالوہاب کا کہنا تھا کہ چائے کے ہوٹلز کی بندش کے باعث دودھ اور دیگر تازہ اشیا کی کھپت میں کمی ہوئی ہے۔

شہر قائد میں لاک ڈاؤن کے دوران دودھ کی فروخت میں مشکلات پیش آنے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے باعث نقل و حمل کے حوالے سے کچھ مسائل پیش آئے تاہم مجموعی طور پر صورتحال بہتر ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: لاک ڈاؤن کی وجہ سے آئل، گیس کی ترسیل ’ضروری خدمات‘ قرار

خیال رہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کے باعث حکومت نے تمام چائے کے ہوٹلز، اسٹالز اور لسی کی دکانوں بند کروادی ہیں۔

دوسری جانب ایک دودھ فروش محمد رمضان نے بتایا کہ دودھ کی قیمتوں میں 30 سے 40 فیصد کمی دیکھنے میں آئی اور 110 روپے فی لیٹر والا دودھ ان 2 روز کے دوران 70 روپے فی لیٹر میں فروخت ہوا۔

دودھ فروشوں نے اپنی دکانوں پر دودھ کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے بینرز اور پوسٹرز بھی لگادہے ہیں تاکہ وہ گاہکوں کی توجہ کا مرکز بن سکیں۔

علاوہ ازیں کئی دکانداروں نے فروخت میں اضافے کے لیے خاص آفرز بھی تیار کی ۃیں جبکہ دودھ فروش ایک لیٹر دودھ خریدنے پر 250 سے 500 ملی گرام دودھ مفت بھی دے رہے ہیں۔


یہ خبر 26 مارچ 2020 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں