ٹی20 ورلڈ کپ ٹرافی ٹور سمیت کرکٹ کے تمام عالمی مقابلے ملتوی

اپ ڈیٹ 01 اپريل 2020
ٹی20 ورلڈ کپ رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
ٹی20 ورلڈ کپ رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے عالمی سطح پر تیزی سے پھیلتی ہوئی وبا کورونا وائرس کے سبب ٹی20 ورلڈ کپ کے تمام کوالیفائرز مقابلوں کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ ٹرافی کا ورلڈ ٹور بھی منسوخ کردیا ہے۔

جمعرات کو کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 30 جون سے قبل ہونے والے آئی سی سی کے تمام مقابلے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی سی بی اور قومی کرکٹرز کا کورونا ایمرجنسی فنڈ کیلئے عطیات کا اعلان

بیان میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لینے کے بعد کرکٹ برادری کی صحت اور بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے 30 جون سے قبل ہونے والے تمام مقابلے منسوخ کردیے گئے ہیں اور اس صورتحال کا بعد میں دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

عالمی سطح پر پھیلنے والے اس وائرس کے سبب لیے گئے اس فیصلے کے نتیجے میں کم از کم 8 مقابلے متاثر ہوئے ہیں۔

2021 ورلڈ کپ کے کوالیفائر اور 2023 ورلڈ کپ کے کوالیفائر مقابلوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ آئی سی سی ویمن ورلڈ کوالیفائر پر بھی غور جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: میسی اور رونالڈو کا 10، 10 لاکھ یوروز عطیات کا اعلان

آئی سی سی نے رواں سال آسٹریلیا میں ہونے والے ویمن ٹی20 ورلڈ کپ کے ٹرافی ٹور پر بھی تاحکم ثانی پابندی عائد کردی ہے۔

آئی سی سی کے عالمی مقابلوں کے سربراہ کرس ٹیٹلی نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے سبب عالمی سطح پر درپیش چیلنجز اور دنیا بھر میں عائد پابندیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی نے جون کے آخر تک تمام مقابلے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں، شائقین اور عملے کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے اور تمام متعلقہ افراد کو مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمے داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: اٹلی میں 7ہزار ہلاکتیں، عالمی سطح پر 22ہزار سے زائد اموات

یاد رہے کہ کورونا وائرس کے سبب دنیا بھر کے کھیلوں کے ایونٹس متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں ملتوی کردی گئی ہیں۔

فٹبال، کرکٹ، ٹینس سمیت تمام مقابلوں اور عالمی ایونٹس کی منسوخی کا اعلان کردیا گیا ہے جبکہ اولمپکس کو بھی ملتوی کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

دنیا بھر میں اب تج کورونا وائرس سے 22 ہزار افراد ہلاک جبکہ 4 لاکھ 95ہزار افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں