بھارت: مزید 3 ڈاکٹروں، 2 نرسوں میں کورونا وائرس کی تصدیق

اپ ڈیٹ 03 اپريل 2020
پولیس نے ایک شہری کو خلاف ورزی پر گرفتار کرلیا—فائل/فوٹو:رائٹرز
پولیس نے ایک شہری کو خلاف ورزی پر گرفتار کرلیا—فائل/فوٹو:رائٹرز

بھارت میں بھی کورونا وائرس شہریوں کے ساتھ ساتھ طبی عملے میں تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں دہلی میں مزید 3 ڈاکٹروں اور ممبئی میں 2 نرسوں میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دہلی میں دو ڈاکٹروں کے کیسز صفدر جنگ ہسپتال اور ایک کیس سردار ولبھ بھائی پٹیل ہسپتال میں سامنے آیا ہے۔

مزید پڑھیں:بھارت میں تبلیغی جماعت کے ارکان کی تلاش، انہیں قرنطینہ کرنے کیلئے حکام متحرک

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صفدر جنگ ہسپتال میں متاثر ہونے والے ایک ڈاکٹر بائیو کیمسٹری شعبے میں پوسٹ گریجویشن کے طالب علم ہیں جبکہ دوسرے ڈاکٹر کنٹریکٹ کی بنیاد پر کام کر رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں ڈاکٹروں میں علامات ظاہر ہوئی تھیں جس کے بعد ان کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا اور دو روز قبل ہی انہیں ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے دہلی میں اب تک 6 ڈاکٹر کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جو گزشتہ 8 روز کے دوران اس وبا سے متاثر ہوئے جبکہ بھارتی دارالحکومت میں کیسز کی تعداد 35 سے بڑھ کر 120 ہوگئی ہے۔

دہلی میں متاثر ہونے والا پہلا ڈاکٹر محلے کی ایک کلینک سے آیا تھا جن کو ایک مریض سے یہ وائرس منتقل ہوا تھا جس کے بعد ان کی اہلیہ میں بھی وائرس مثبت آیا تھا جو خود بھی ڈاکٹر ہیں۔

مذکورہ تمام ڈاکٹروں سے رابطے میں آنے والے تقریباً 900 افراد کو قرنطینہ منتقل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:اٹلی و اسپین میں کورونا مریضوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی

دہلی میں متاثر ہونے والا تیسرا ڈاکٹر اسٹیٹ کینسر ہسپتال میں تعینات تھا جہاں ان کا ٹیسٹ مثبت آیا جو حال ہی میں برطانیہ سے لوٹنے والے اپنے بھائی اور بھابہی سے مل کر آئے تھے۔

ڈاکٹروں اور طبی عملے میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد بھارت میں ڈاکٹروں کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔

خود کو ڈاکٹر ظاہر کرکے دھوکا دینے والا شہری گرفتار

بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں پولیس نے ایک شہری کو ڈاکٹر کے لباس میں لاک ڈاؤن توڑنے کی کوشش کے دوران گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق اشتوش شرما نامی شہری سے پولیس نے پوچھ گچھ کی تو معلوم ہوا کہ انہوں نے لاک ڈاؤن توڑنے کے لیے خود کو ڈاکٹر ظاہر کر رکھا تھا۔

پولیس نے انہیں گرفتار کیا اور لاک ڈاؤن توڑنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا۔

مزید پڑھیں:کورونا وائرس سے امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے متجاوز

خیال رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ ماہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا تاکہ شہریوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھا جاسکے جس پر اترپردیش کی حکومت نے بھی عمل درآمد کردیا تھا۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق نوئیڈا کے علاقے گوتم بدھ نگر میں گزشہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد پورے ضلع میں مجموعی تعداد 45 ہوگئی ہے۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سوہاس نے صحافیوں کو بتایا کہ 99 فیصد شہری پابندیوں پر عمل کررہے ہیں تاہم صرف ایک فیصد خلاف ورزی کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور انتظامیہ کو آپ کی ضرورت ہے اور ہم شہریوں کی مشکلات کم سے کم کرنے کو یقینی بنارہے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں اب تک ایک ہزار 834 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی گئی جبکہ مزید ایک ہزار 649 افراد مشتبہ ہیں۔

بھارت میں وائرس سے اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 41 ہوگئی ہے جبکہ 144 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں