امریکی اٹارنی جنرل اور امریکی سینیٹر رابرٹ ایف کینیڈی کی نواسی 41 سالہ مایو کینیڈی اور ان کا بیٹا 8 سالہ جیوڈن گزشتہ دو روز سے غائب ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق مایو کینیڈی اور ان کے بیٹے کو آخری بار جمعرات کے روز امریکی ریاست میری لینڈ میں موجود چیساپیک میں دیکھا گیا تھا۔

مایو کینیڈی کے شوہر کے مطابق ان کی اہلیہ اور بیٹا ایک دریا میں بوٹنگ کررہے تھے اور اس کے بعد سے وہ نظر نہیں آئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کوسٹ گارڈ نے کافی دور تک ان دونوں کی تلاش بھی کی تاہم کوئی سراغ نہیں ملا۔

جمعرات سے میری لینڈ کی پولیس کشتیوں اور ہیلی کاپٹرز کی مدد سے ان دونوں کو تلاش کررہی ہے۔

کینیڈی خاندان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں میڈیا اور لوگوں سے ان کی نجی زندگی کا احترام کرنے کی اور مایو اور ان کے بیٹے کو دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق مایو کینیڈی صحت عامہ اور انسانی حقوق کی وکیل تھیں۔

مزید پڑھیں: امریکا کے 12 'بدترین' سے 'بہترین' صدور

مایو کے شوہر نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی اہلیہ اور بیٹا ایک کشتی میں سوار ہوکر دریا میں بہہ جانے والی بال کی تلاش میں آگے گئے تھے۔

مقامی محکمہ فائر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق دو نامعلوم افراد ساحل سے کئی میل دور بہتے ہوئے دکھائی دیے تھے۔

پولیس کے مطابق دریا سے ایک کشتی تو ملی ہے تاہم دونوں کا اب تک کچھ پتہ نہیں چلا۔

خیال رہے کہ مقتول امریکی صدارتی امیدوار رابرٹ ایف کینیڈی کی 22 سالہ پوتی سوریس کینیڈی ہل کی گزشتہ سال پراسرار موت ہوگئی تھی۔

کینیڈی فیملی کئی حادثات اور سانحات کا سامنا کر چکی ہیں جس میں 1968 میں رابرٹ کینیڈی کا قتل بھی شامل ہے۔

یاد رہے کہ رابرٹ کا قتل ان کے بھائی امریکی صدر جان ایف کینیڈی کے قتل کے پانچ سال بعد ہوا تھا، رابرٹ اپنے بھائی کے دورِ صدارت میں امریکی اٹارنی جنرل تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں