وائرس سے اموات کی شرح آنے والے دنوں میں بڑھ سکتی ہے، ظفر مرزا

اپ ڈیٹ 12 اپريل 2020
ڈاکٹر ظفر مرزا پریس کانفرنس کررہے تھے—فوٹو:ڈان نیوز
ڈاکٹر ظفر مرزا پریس کانفرنس کررہے تھے—فوٹو:ڈان نیوز

معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ 'لوگ ویڈیوز بنا کر جاری کررہے ہیں جس میں شہری تمام چیزیں پہنے پھرتے ہیں جس کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ غلط فہمی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'عالمی سطح پر کیسز 17 لاکھ سے زائد ہوچکی ہیں، ایک لاکھ سے زائد اموات اور 4 لاکھ سے زائد صحت یاب ہوئے ہیں'۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ 'پاکستان کے لیے گزشتہ 24 گھنٹے زیادہ بھاری تھے کیونکہ اب تک کی سب سے زیادہ 14 اموات رپورٹ ہوئیں'۔

مزید پڑھیں:پاکستان میں 5 ہزار 171 افراد کورونا وائرس سے متاثر، 1026 صحتیاب

کورونا وائرس سے بڑھتی ہوئی اموات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'ہم کہتے رہے ہیں کہ آنے والے دنوں میں اس طرح کی خبریں متوقع ہیں، کل ہم نے کہا تھا کہ 50 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں تو ہم کہہ سکتے ہیں ان میں سے 14 مریض اپنی جان کھو بیٹھے ہیں'۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ 'آنے والے دنوں میں یہ شرح بڑھ بھی سکتی ہے اسی لیے ہم گھروں میں رہنا، اپنی صفائی کا خیال رکھنا، اپنے اور دوسرے لوگوں کا خیال رکھنا، فاصلہ رکھنا اور ہاتھ دھونے کے لیے بار بار ہدایت کرتے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'گزشتہ 24 گھنٹوں میں 14 اموات کے علاوہ 254 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو نسبتاً بڑی شرح ہے اور اب تک متاثرین کی مجموعی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے'۔

ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ 'ان 5 ہزار سے زائد مریضوں میں سے تقریباً نصف ایسے ہیں جو مقامی طور پر وائرس کی منتقلی سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ نصف تعداد باہر سے آئے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان میں صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے'۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ وزیراعظم کی سربراہی میں تجاویز کے حوالے سے اجلاس ہوا اور کل پھر قومی رابطہ کمیٹی این سی سی کا اجلاس ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس: پاکستان میں پہلی بار نئے کیسز سے زیادہ افراد صحتیاب

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی حکومت نے کورونا وائرس روکنے کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں۔

خیال رہے کہ اس وقت پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 ہزار 171 اور اموات 88 ہوگئی ہیں جبکہ وائرس سے ایک ہزار 26 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں