کورونا وبا: سندھ میں ریکارڈ 1080 نئے کیسز، ملک میں مجموعی متاثرین ساڑھے 28 ہزار سے زائد

اپ ڈیٹ 10 مئ 2020
پاکستان میں کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کورونا وائرس کا پھیلاؤ دن بدن بڑھ رہا ہے اور آج بھی نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 28 ہزار 795 ہوگئی ہے جبکہ اموات 636 تک پہنچ چکی ہیں۔

سرکاری سطح پر سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 1815 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز میں ملک میں ایک روز کے دوران اب تک کے سب سے زیادہ 2000 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔

یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ یہ 2 ہزار کیسز وزیراعظم عمران خان کے لاک ڈاؤن کو نرم کرنے کے اعلان کے ایک روز بعد سامنے آئے۔

وزیراعظم نے 7 مئی کو قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد یہ اعلان کیا تھا کہ ہفتہ (9 مئی) سے لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار نرم کیا جائے گا۔

تاہم ملک میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال دن بدن تشویشناک ہورہی ہے اور پہلے سیکڑوں یا 3 ہندسوں میں آنے والے کیسز 4 ہندسوں تک پہنچ گئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد بھی دگنی ہوگئی ہے۔

صرف مئی کی بات کریں تو یکم مئی سے 8 مئی تک 226 اموات اور 10 ہزار سے زائد کیسز دیکھے گئے ہیں۔

آج (9 مئی) کو بھی ملک میں کورونا کے نئے مریض سامنے آئے، تاہم صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے ایک روز میں سب سے زیادہ 1080 نئے کیسز اور 4 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک بیان میں بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 498 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 20 فیصد یعنی ایک ہزار 80 مثبت آئے۔

انہوں نے بتایا کہ ان نئے کیسز کے بعد صوبے میں کورونا متاثرین کی تعداد 10771 تک پہنچ گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ان 1080 کیسز میں سے 583 کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ خیرپور کے پیرجو گوٹھ میں 246 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 4 افراد کا انتقال بھی ہوا جس کے بعد یہ تعداد 180 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 438 نئے کیسز اور 8 اموات سامنے آئیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی طور پر متاثرین کی تعداد 10471 ہوگئی۔

ان افراد کی تفصیل کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ زائرین سینٹر سے 768، رائے ونڈ سے منسلک 1926 افراد، 7 ہزار 692 عام شہری جبکہ 86 قیدی متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے میں 8 مزید اموات سے مجموعی تعداد 191 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 41 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

بلوچستان

ادھر بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 36 نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اب تک صوبے میں 11900 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس میں سے مجموعی طور پر مثبت آنے والوں کی تعداد 1909 ہوگئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پہلی مرتبہ 530 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔

بعد ازاں لیاقت شاہوانی نے 26 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1935 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کا پھیلاؤ بڑھ گیا ہے اور وہاں 51 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے۔

سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 558 سے بڑھ کر 609 تک پہنچ گئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے مزید 182 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 4509 ہوگئی۔

پشاور، چارسدہ، خیبر، مردان، سوات، مالاکنڈ اور ایبٹ آباد میں 13 اموات کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد خیبر پختونخوا میں جاں بحق مریضوں کی تعداد 234 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں مزید 27 کیسز کی تصدیق ہوگئی۔

جس کے بعد گلگت بلتستان میں متاثرین کی مجموعی تعداد 394 سے بڑھ کر 421 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں اس وائرس سے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں بھی صرف ایک کیس رپورٹ ہوا۔

جس کے ساتھ ہی وہاں اب تک کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 79 ہوگئی۔

صحتیاب

ان کیسز کے باوجود ملک میں صحتیاب افراد کی بڑی تعداد دن بدن اپنے گھروں کو لوٹ رہی ہے۔

گزشتہ روز ملک میں ایک ہزار سے زائد مریض شفایاب ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایسے افراد کی تصدیق ہوئی جو مکمل صحتیاب ہوگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مزید 226 متاثرین صحتیاب ہوئے جس سے یہ تعداد 7756 تک پہنچ گئی۔

بعد ازاں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں 53 افراد کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 7809 ہوگئی۔

مجموعی کیسز

اس تمام صورتحال کے بعد اگر ملک کے مجموعی کیسز پر ایک نظر ڈالیں تو 28587 مصدقہ کیسز ہیں جس میں 623 کا انتقال جبکہ 7756 صحتیاب ہوچکے ہیں، اس طرح اس وقت فعال کیسز کی تعداد 20208 ہے۔

اعداد و شمار کے حساب سے پنجاب میں اس مجموعی مصدقہ کیسز 10471 جبکہ سندھ میں 10771 متاثرین ہیں۔

اسی طرح خیبرپختونخوا میں 4509 افراد متاثر ہیں جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 1935 تک پہنچ چکی ہے۔

اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 609 کیسز ہیں جبکہ گلگت بلتستان میں اس وبا نے 421 لوگوں کو متاثر کردیا ہے۔ آزاد کشمیر میں اس وقت سب سے کم 79 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 234

  • سندھ: 180

  • پنجاب: 191

  • بلوچستان: 24

  • اسلام آباد: 04

  • گلگت بلتستان: 03

  • آزاد کشمیر: کوئی نہیں


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 28 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔


پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی کے آغاز میں ہی ملک میں اموات کی تعداد 500 سے تجاوز کرگئی جو کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں