پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 53 ہزار سے زائد، اموات 1100 سے متجاوز

ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب افراد کی تعداد 16653 ہوگئی—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب افراد کی تعداد 16653 ہوگئی—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر میں پھیلی عالمی وبا کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان میں مزید زور پکڑ رہی ہے اور اب تک پاکستان میں مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 53 ہزار 601 جبکہ اموات 1123 ہوگئی ہیں۔

سرکاری سطح پر کورونا وائرس کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج (23 مئی کو) ابھی تک ملک میں مزید 1498 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز (22 مئی کو) پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 516 کیسز سامنے آئے تھے اور 35 اموات ہوئی تھیں۔

ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری، 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے ساتھ ہی اس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مختلف پابندیاں عائد کی گئی تھیں اور بعدازاں لاک ڈاؤن بھی نافذ کیا گیا تھا، جو بعد ازاں رواں ماہ کی 9 مئی نرم کردیا گیا تھا۔

ملک میں عالمی وبا کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد ابتدا میں وائرس کا پھیلاؤ سست رہا لیکن گزرتے وقت کے ساتھ اس میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے اور اب یومیہ ہزار یا اس سے زائد کیسز کی تصدیق ہورہی ہے۔

اگر کیسز کی بات کریں تو پاکستان میں 26 فروری کے پہلے کیس سے لے کر اپریل کے اواخر تک کورونا مریضوں کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے زائد تھی جبکہ اموات 385 تھیں۔

تاہم رواں ماہ مئی کے آغاز سے لے کر اب تک پاکستان میں 34 ہزار سے زائد کیسز اور 700 سے زائد مزید اموات کا اضافہ ہوا ہے جو تشویشناک صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔

سندھ

سندھ میں آج بھی کورونا وائرس کے مزید 762 کیسز اور 14 اموات کا اضافہ ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کیسز کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 762 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور مجموعی کیسز کی تعداد 21 ہزار 645 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 14 اموات ہوئیں جس سے یہ تعداد 354 تک جاپہنچی۔

پنجاب

محکمہ صحت پنجاب نے کورونا وائرس کے 275 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 18730 ہوگئی۔

ترجمان محکمہ صحت نے وبا سے مزید 14 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 324 ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں اب تک کُل ایک لاکھ 97 ہزار 225 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

اسلام آباد

ادھر ہر گزرتے دن کے ساتھ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

کورونا وائرس کے سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق آج اسلام آباد میں عالمی وبا کے مزید 131 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

مذکورہ کیسز کے اضافے کے بعد اسلام آباد میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 326 سے بڑھ کر ایک ہزار 457 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے مزید 294 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 7685 ہوگئی۔

بیان میں وائرس سے مزید 8 اموات کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں مجموعی اموات 389 ہوگئی ہیں۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا کے 108 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 3306 ہوگئی۔

بیان میں کہا گیا کہ صوبے میں فعال کیسز کی تعداد 2407 ہے جبکہ 860 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بھی دن بدن عالمی وبا کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے جہاں آج بھی مزید 5 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نئے کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 602 سے بڑھ 607 تک جا پہنچی ہے۔

آزاد کشمیر

ادھر آزاد کشمیر اب تک وائرس سے سب سے کم متاثر ہوا ہے لیکن وہاں بھی مریضوں کی تعداد بتدریج بڑھ رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 13 کیسز سامنے آئے جس کے بعد وہاں متاثرہ افراد کی تعداد 171 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم جوں جوں ملک میں عالمی وبا کے مریضوں اور اموات کی تعداد بڑھ رہی ہے ویسے ہی کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی ہونے والا اضافہ اُمید کی کرن ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس سے ایک ہزار 452 افراد صحتیاب ہوئے۔

جس کے ساتھ ہی پاکستان میں عالمی وبا کو شکست دینے والوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار201 سے بڑھ کر 16 ہزار 653 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

اگر ملک میں مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں تو اب تک 53 ہزار 601 لوگ متاثر ہوئے جس میں سے 1123 انتقال کرگئے جبکہ 16 ہزار 653 صحتیاب ہوگئے تو اس طرح 35 ہزار 825 فعال کیسز موجود ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 21 ہزار 645 ہے جبکہ پنجاب میں 18 ہزار 730 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں عالمی وبا سے 7 ہزار 685 جبکہ بلوچستان میں 3 ہزار 306 افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں یہ تعداد ایک ہزار 457 ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 607 اور آزاد کشمیر میں 171 افراد عالمی وبا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 389

  • سندھ: 354

  • پنجاب: 324

  • بلوچستان: 39

  • اسلام آباد: 12

  • گلگت بلتستان: 04

  • آزاد کشمیر: 01


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 52 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1100 سے تجاوز کرچکی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں