کورونا وائرس: پاکستان میں ایک دن میں ریکارڈ 5 ہزار سے زائد کیسز سامنے آگئے، مزید 75 اموات

ای میل

ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں 1383 کا اضافہ ہوا— فائل فوٹو: رائٹرز
ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں 1383 کا اضافہ ہوا— فائل فوٹو: رائٹرز

دنیا بھر میں پھیلی عالمی وبا کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان میں بھی خطرناک صورتحال اختیار کررہی ہے اور گزشتہ روز ریکارڈ کیسز سامنے آنے کے بعد آج بھی مزید نئے کیسز اور اموات کی تصدیق کی گئی۔

آج (6 جون کو) جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مزید 5080 نئے کیسز اور 75 اموات کی تصدیق کے بعد اب تک ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 96 ہزار جبکہ اموات ایک ہزار 974 ہوگئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک میں 4 ہزار 600 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ اموات میں بھی 86 کا اضافہ ہوا تھا۔

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو ابتدا میں اس کا پھیلاؤ کافی کم تھا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں تیزی آئی اور اب یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز اور درجنوں اموات سامنے آرہی ہیں۔

26 فروری 2020 کو ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور 26 سے 31 مارچ تک پاکستان میں متاثرین کی تعداد 2 ہزار تھی جبکہ 18 مارچ کو ہونے والی پہلی موت کے بعد اس عرصے میں 26 اموات ہوئی تھیں۔

تاہم اپریل میں صورتحال کچھ مختلف رہی، اس دوران متاثرین کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات 385 ہوگئی تھیں۔

بعد ازاں مئی کے مہینے میں صورتحال تبدیل ہوئی اور اس ایک ماہ میں 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہو نے کے بعد کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

علاوہ ازیں جون کی ابتدا سے صورتحال مزید تشویشناک موڑ اختیار کررہی ہے اور 5 روز میں 20 ہزار سے زائد کیسز اور 379 اموات کا اضافہ ہوا۔

سندھ

صوبہ سندھ میں آج عالمی وبا کے مزید 1475کیسز سامنے آئے جبکہ 19 اموات کی تصدیق بھی ہوئی۔

ترجمان حکومت سندھ مرتضی وہاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 1475 کیسز کی تصدیق کی بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 36 ہزار 364 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی 19 مریضوں کے انتقال کے بعد سندھ میں اب تک 934 افراد عالمی وبا کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں آج کورونا وائرس کے ریکارڈ 2164 کیسز اور 30 اموات کی تصدیق ہوئی۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق مذکورہ اضافے کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 33 ہزار 144 سے بڑھ کر 35 ہزار 308 ہوگئی۔

ساتھ ہی مزید 30 افراد کے انتقال کے بعد پنجاب میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 659 تک جا پہنچی۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں آج عالمی وبا کے مزید 377 مریضوں اور 4 اموات کی تصدیق ہوئی۔

واضح رہے کہ وبا کی ابتدا میں اسلام آباد میں کیسز کی تعداد کافی حد تک کم تھی تاہم اب اس میں یومیہ سیکڑوں کیسز کی صورت میں اضافہ ہورہا ہے۔

کورونا وائرس کے سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق نئے کیسز کے بعد اسلام آباد میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 ہزار 946 سے بڑھ کر 4 ہزار 323 ہوگئی۔

ساتھ ہی 4 نئی اموات کی تصدیق کے بعد وفاقی دارالحکومت میں اموات کی مجموعی تعداد 45 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 542 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 13001 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 20 وائرس کے باعث دم توڑ گئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 561 ہوگئی ہے۔

جاں بحق ہونے والے نئے مریضوں میں سے 12 کی پشاور، بونیر، باجوڑ اور بٹگرام میں 2، 2 جبکہ نوشہرہ اور ہری پور میں ایک، ایک شخص کی موت واقع ہوئی۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے وائرس کے مزید 445 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 6221 ہوگئی ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ بلوچستان میں کورونا کے 3992 فعال کیسز موجود ہیں جبکہ 2175 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں آج ایک روز میں 45 نئے کیسز جبکہ کورونا وائرس سے مزید ایک موت کی تصدیق کی گئی۔

نئے کیسز کے اضافے کے بعد اب گلگت بلتستان میں عالمی وبا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 852 سے بڑھ کر 897 تک پہنچ گئی۔

علاوہ ازیں مزید ایک موت کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 13 تک جا پہنچی۔

آزاد کشمیر

ادھر آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے مزید 32 مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 299 سے بڑھ کر331 تک پہنچ گئے۔

اسی طرح مزید ایک موت کے بعد وہاں اموات کی مجموعی تعداد 7 سے بڑھ کر 8 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم ملک میں ایک طرف جہاں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں ہزاروں کے حساب سے اضافہ ہورہا ہے وہیں اس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی اسی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

نئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید ایک ہزار 383 افراد نے کورونا وائرس کو شکست دی۔

جس کے بعد اب تک ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 31 ہزار 198 سے بڑھ کر 32 ہزار 581 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد ملک کی مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 96445

اموات: 1974

صحتیاب: 32581

فعال کیسز: 61890

اس وقت ملک میں سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 36ہزار 364 ہیں، جس کے بعد پنجاب میں 35 ہزار 308 افراد وبا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں عالمی وبا سے 13001افراد متاثر ہوئے جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 6 ہزار 221 ہے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں 4323، گلگت بلتستان میں 897 اور آزاد کشمیر میں331 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 659

سندھ: 634

خیبرپختونخوا: 561

بلوچستان: 54

اسلام آباد: 45

گلگت بلتستان: 13

آزاد کشمیر: 08

پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 95 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1400 سے تجاوز کرگئی تھی۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔