سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی میں کورونا وائرس کی تشخیص

اپ ڈیٹ 13 جون 2020
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی—فائل فوٹو: اے ایف پی
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یوسف رضا گیلانی کے بیٹے قاسم گیلانی نے ایک ٹوئٹ میں والد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'وزیراعظم عمران خان کی حکومت اور نیب کا شکریہ! آپ نے میرے والد کی زندگی کو خطرے میں ڈال دیا'۔

انہوں نے لکھا کہ ان کے والد کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، ساتھ ہی انہوں نے لوگوں سے والد کے لیے دعائے صحت کی اپیل کی۔

مزید پڑھیں: سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی کورونا کا شکار

وائرس کی تشخیص کے بعد سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے خود کو قرنطینہ میں منتقل کرلیا۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی گزشتہ دنوں وفاقی دارالحکومت کی احتساب عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کے دوران پیش ہوئے تھے۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر انہوں نے جج سے درخواست کی تھی کہ چونکہ قانون سازوں کی بڑی تعداد کووڈ 19 سے متاثر ہوئی ہے تو انہیں بھی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دی جاسکتی ہے۔

یاد رہے کہ 2 مارچ کو مذکورہ ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا گیا تھا جس میں نیب نے آصف زرداری اور نواز شریف پر توشہ خانہ سے قیمتی گاڑیاں 15 فیصد قیمت پر ادائیگی پر حاصل کرنے کا الزام لگایا گیا ہے جبکہ بیورو نے مزید الزام لگایا ہے کہ اس سلسلے میں یوسف رضا گیلانی نے معاونت کی۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر اور خود اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے تنہائی اختیار کرنے والے شہباز شریف نے یوسف رضا گیلانی کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحت کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے ملک اور جمہوریت کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، اللہ ان سمیت تمام مریضوں کو صحت عطا فرمائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد سیاستدان کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جس میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت اپوزیشن جماعتوں پاکستان پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اور دیگر کی سینئر قیادت بھی شامل ہے۔

گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، اس کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، طارق فضل چوہدری، مریم اورنگزیب، انجینئر امیر مقام سمیت متعدد اہم رہنما اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی کورونا وائرس کا شکار

صرف یہی نہیں بلکہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید، تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی فرخ حبیب اور جے پرکاش لوہانا بھی وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

کورونا وائرس کی وبا آنے کے بعد سے پاکستان میں متعدد سیاستدان اس وائرس کا شکار ہونے کے ساتھ ساتھ چند کی موت بھی واقع ہوچکی ہے۔

یہاں یہ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے پہلے سیاستدان تھے جن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ آئیسولیشن میں رہنے کے بعد صحتیاب ہو گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں