اولمپک گیمز کیلئے ہاکی مقابلوں کے نئے شیڈول کا اعلان

اپ ڈیٹ 26 جولائ 2020
ہاکی کے مقابلے 24 جولائی سے 6اگست 2021 کے درمیان ہوں گے—فوٹو:ایف آئی ایچ
ہاکی کے مقابلے 24 جولائی سے 6اگست 2021 کے درمیان ہوں گے—فوٹو:ایف آئی ایچ

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے کوووڈ-19 کے باعث ملتوی ہونے والے اولمپک گیمز 2020 کے نئے شیڈول کا اعلان کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی ایچ نے اعلامیے میں کہا کہ ہاکی کے مقابلے 25 جولائی سے 7 اگست 2020 کے درمیان جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے اوائی ہاکی اسٹیڈیم میں شیڈول تھے اور مقام کو تبدیل نہیں کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخوں کا اعلان، 2021 میں انعقاد ہوگا

نئے شیڈول کے مطابق اوائی ہاکی اسٹیڈیم میں ہاکی کے مقابلے 24 جولائی 2021 سے 6 اگست 2021 کے درمیان ہوں گے۔

اولمپک گیمز میں ہاکی کا پہلا میچ پرانے شیڈول کے مطابق میزبان جاپان اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا، میزبان ٹیم کو 2019 کے ہاکی پرولیگ چمپیئن کا مقابلہ کرنا پڑا جو اولمپک 2004 میں ایتھنزمیں گولڈ میڈل حاصل کرچکی ہے۔

خواتین ہاکی کا پہلا مقابلہ بھی اسی دن عالمی نمبر ایک اور عالمی چمپیئن نیدرلینڈز اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔

نیدرلینڈز کی خواتین ہاکی ٹیم 1984، 2008 اور 2012 میں اولمپک چمپیئن کا اعزاز حاصل کرچکی ہے۔

گولڈ میڈل کے لیے مردوں اور خواتین کے مقابلے بالترتیب 5 اگست اور 6 اگست ہوں گے۔

مقابلوں کے لیے ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا ہے، پول اے میں آسٹریلیا، ارجنٹیا، بھارت، اسپین، نیوزی لینڈ اورجاپان شامل ہیں۔ پول بی میں بیلجیم، نیدرلینڈز، جرمنی، برطانیہ، کینیڈا اور جنوبی افریقہ شامل ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم روایت کے برعکس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی اور ان مقابلوں میں شامل نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس کے باعث اولمپکس 2020 اگلے سال تک ملتوی

خواتین کے پول اے میں نیدرلینڈز، جرمنی، برطانیہ، آئرلینڈ، بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیم ہے جبکہ پول بی میں آسٹریلیا، ارجنٹینا، نیوزی لینڈ، اسپین، چین اور جاپان کو رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس مارچ میں کورونا وائرس سے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی ہلاکتوں اور وائرس سے متاثرہ کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اکثر ملکوں کی جانب سے ایونٹ کو ملتوی کرنے کے مطالبات کیے گئے تھے۔

انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے مسلسل مطالبات کے پیش نظر ٹوکیو اولمپکس کو ملتوی کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

بعد ازاں 7 اپریل کو ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا، جس کے مطابق اب گیمز کا انعقاد آئندہ سال 23جولائی سے ہوگا۔

تاہم 2021 میں انعقاد ہونے کے باوجود اولمپکس کو 'ٹوکیو 2020' کا نام ہی دیا جائے گا۔

انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے صدر تھامس باک نے کہا کہ ٹوکیو 2020 کی انتظامی کمیٹی، ٹوکیو میٹروپولیٹن گورنمنٹ، جاپانی حکومت اور دیگر تمام متعلقہ افراد کے ساتھ کام کرنے کے لیے پراعتماد ہوں۔

تبصرے (0) بند ہیں