کورونا وائرس: سندھ سب سے زیادہ متاثر صوبہ، ملک میں فعال کیسز 50 ہزار سے کم

اپ ڈیٹ 25 جولائ 2020
پاکستان میں صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستان میں صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب جارہی ہے اور یومیہ کیسز اور اموات میں کمی رپورٹ ہورہی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 71 ہزا490 ہوچکی ہے جبکہ اموات 5 ہزار 778 ہیں تاہم ان کیسز میں سے 2 لاکھ 19 لاکھ 783 افراد شفایاب ہوگئے ہیں جو 81 فیصد سے زیادہ ہے۔

آج (24 جولائی) کی شام تک ملک میں کورونا وائرس کے 1478 نئے کیسز اور 22 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا جبکہ 6 ہزار 608 لوگ شفایاب ہوگئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی امید کی کرن ہے تاہم وزیر منصوبہ بندی اسد عمر خبردار کرچکے ہیں کہ اگر لوگوں نے عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کے دوران اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) پر سختی سے عمل نہ کیا تو ملک میں کیسز میں اضافہ دیکھا جاسکتا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ملک میں جون کے مہینے میں کورونا کیسز بلندی پر پہنچے تھے تاہم جولائی کے مہینے میں صورتحال میں بہتری نظر آئی۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو سامنے آیا تھا جس کے بعد مارچ کے آخر تک مجموعی کیسز 2 ہزار کے قریب جبکہ اموات 26 تک پہنچی تھیں۔

جس کے بعد اپریل میں کیسز بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے تھے جبکہ اموات 385 تک پہنچی تھیں، تاہم مئی کے مہینے میں کیسز بڑھ کر 71 ہزار اور اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

جون کے مہینے میں کیسز میں کافی اضافہ ہوا اور ایک ماہ میں مجموعی تعداد 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 4300 سے بڑھ گئیں۔

علاوہ ازیں رواں ماہ یعنی جولائی کے گزشتہ 23 روز میں ملک میں 58 ہزار کے قریب کیسز اور 1400 تک اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

آج جمعہ کو بھی ملک میں کورونا کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 917 کیسز اور 14 اموات رپورٹ ہوئیں، جس کے بعد سندھ اموات اور کیسز کے حساب سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ ہوگیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 917 مریضوں کے اضافے سے تعداد ایک لاکھ 16 ہزار 800 ہوگئی۔

اس کے علاوہ مزید 14 اموات رپورٹ ہونے سے صوبے میں مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 110 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے آبادی والے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید 294 افراد کو متاثر کیا اور 5 افراد کی جان لی۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 91 ہزار 423 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ صوبے میں 5 افراد کے انتقال کرجانے سے اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 105 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 44 افراد کو متاثر کرنے کا باعث بنا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں 44 نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 14 ہزار 766 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 173 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 33 ہزار 71 ہوگئی۔

صوبے میں جمعہ کے روز وائرس کے باعث صرف ایک موت واقع ہوئی جس کے بعد یہاں مجموعی اموات 1170 ہوگئی ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر جو کم متاثر ترین علاقوں میں سے ایک ہے وہاں مجموعی کیسز میں 28 افراد کا اضافہ ہوا جبکہ ایک اور فرد لقمہ اجل بنا۔

اس طرح مجموعی کیسز کی تعدا وہاں 28 کے اضافے سے ایک ہزار 989 ہوگئی جبکہ مزید ایک موت ہونے سے مجموعی تعداد 49 تک جاپہنچی۔

گلگت بلتستان

پاکستان میں سب سے کم متاثر علاقے گلگت بلتستان میں اس عالمی وبا نے مزید 22 افراد کو متاثر کیا اور ایک فرد انتقال کرگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 22 افراد کے متاثر ہونے سے وہاں مجموعی کیسز کی تعداد ایک ہزار 918 ہوگئی۔

مزید برآں ایک فرد کے انتقال کرجانے سے گلگت بلتستان میں مجموعی اموات 46 تک جاپہنچیں۔

صحتیاب افراد

علاوہ ازیں ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 6 ہزار 608 افراد ایسے تھے جو وائرس سے شفایاب ہوئے۔

اس بڑی تعداد میں لوگوں کے شفایاب ہونے کے بعد ملک میں 2 لاکھ 19 ہزار 783 لوگ اب تک صحتیاب ہوگئے جو مجموعی مریضوں کا 81 فیصد سے زائد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 271490

اموات: 5778

صحتیاب: 219783

فعال کیسز: 45929

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 16 ہزار 800 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 91 ہزار 423 تک کیسز پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 33 ہزار 71 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 523 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 766، آزاد کشمیر میں 1989 اور گلگت بلتستان 1918 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2110

پنجاب: 2105

خیبرپختونخوا: 1170

بلوچستان: 136

اسلام آباد: 162

آزاد کشمیر: 49

گلگت بلتستان: 46


پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات ساڑھے 5 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں