پاکستان میں ایک روز میں ریکارڈ تقریباً 17ہزار مریض صحتیاب، فعال کیسز 30 ہزار سے زائد

اپ ڈیٹ 26 جولائ 2020

ای میل

پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی آرہی ہے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی آرہی ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک میں مصدقہ کیسز میں سے تقریباً 87 فیصد لوگ صحتیاب ہوگئے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 72 ہزار 807 ہے جس میں سے 5 ہزار 818 مریض انتقال کرگئے ہیں جبکہ 2 لاکھ 36 ہزار 596 صحتیاب ہوئے ہیں۔

آج (25 جولائی) کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 1317 مریض اور 40 اموات رپورٹ ہوئیں تاہم 16 ہزار 813 مریض شفایاب ہوگئے جو ایک روز کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

ملک میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے شفایاب ہونے سے ملک میں مجموعی کیسز میں سے تقریباً 87 فیصد لوگ صحتیاب ہوگئے اور فعال کیسز 30 ہزار سے بھی کم رہ گئے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اس وائرس کو یہاں 5 ماہ کا عرصہ ہوگیا ہے۔

اس 5 ماہ کے دوران 2 ماہ میں کیسز کی صورتحال کافی تشویش ناک رہی تاہم جولائی کے آغاز سے ملک میں یومیہ کیسز کی تعداد میں کمی رپورٹ ہوئی۔

آج (25 جولائی) کو ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز میں 798 کیسز اور 25 اموات کا اضافہ ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے کی یومیہ صورتحال کے بارے میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 ہزار 9 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 798 کے نتائج مثبت آئے، یوں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 17 ہزار 598 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 25 اموات سے مجموعی تعداد 2 ہزار 135 تک جاپہنچی۔

پنجاب

پاکستان میں آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید 268 افراد کو متاثر کیا جبکہ 8 اموات بھی رپورٹ ہوئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 268 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز کی تعداد 91 ہزار 691 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ 8 افراد کے انتقال کرجانے سے یہ تعداد 2105 سے بڑھ کر 2113 تک جاپہنچی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 55 افراد کو متاثر کیا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد وہاں مجموعی کیسز 14 ہزار 821 تک پہنچ گئے۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 149 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 33 ہزار 220 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 6 مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 1176 ہوگئی ہیں۔

آزاد کشمیر

ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے کیسز 2 ہزار سے بڑھ گئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی جس سے مجموعی کیسز 2 ہزار 12 ہوگئے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان جو اس وقت سب سے کم متاثر علاقہ ہے وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 24 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ ایک فرد انتقال کرگیا۔

ان نئے 24 مریضوں کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز ایک ہزار 942 تک جاپہنچے۔

مزید برآں ایک اور فرد کے انتقال سے اموات کی تعداد 47 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں کورونا کیسز میں کمی تو صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ مریض شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 16 ہزار 813 مریض شفایاب ہوئے جو اب تک ایک روز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر وائرس سے شفاپانے والوں کی تعداد 2 لاکھ 36 ہزار 596 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 272807

اموات: 5818

صحتیاب: 236596

فعال کیسز: 30393

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 17 ہزار 598 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 91 ہزار 691 تک کیسز پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 33 ہزار 220 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 523 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 821، آزاد کشمیر میں 2012 اور گلگت بلتستان 1942 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2135

پنجاب: 2113

خیبرپختونخوا: 1176

بلوچستان: 136

اسلام آباد: 162

آزاد کشمیر: 49

گلگت بلتستان: 47


پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات ساڑھے 5 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔