کورونا وبا: پاکستان میں 596 مریضوں کا اضافہ، اموات 6 ہزار 234 ہوگئیں

اپ ڈیٹ 23 اگست 2020
پاکستان میں فعال کیسز 11 ہزار رہ گئے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں فعال کیسز 11 ہزار رہ گئے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک میں 94 فیصد مریض صحتیاب ہوگئے ہیں جبکہ فعال کیسز 11 ہزار سے بھی کم رہ گئے ہیں۔

پاکستان میں مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 92 ہزار 600 ہے جس میں سے 2 لاکھ 75 ہزار 317 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 6 ہزار 234 ہے۔

یہاں خوش آئند بات یہ ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، اسلام آباد، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں اس وائرس کے باعث کوئی نئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری دیگر باقی رہ جانے والے مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے۔

اگر پاکستان میں اس وائرس کے آغاز سے صورتحال کی بات کی جائے تو 26 فروری کو اس وبا کا پہلا کیس کراچی میں رپورٹ ہوا جس کے بعد ملک میں مختلف پابندیاں عائد کی گئیں تاکہ وائرس کا پھیلاؤ روکا جاسکے۔

تاہم ابتدا میں وائرس کا پھیلا کم رہا لیکن اپریل کے مہینے سے کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور مئی میں اس میں کافی اضافہ ہوا تاہم جون میں صورتحال مکمل طور پر تبدیل ہوگئی۔

ماہ جون میں یومیہ کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئی تاہم جولائی میں صورتحال بہتر ہونا شروع ہوئی۔

جس کے بعد اگست میں یومیہ صورتحال کافی حد تک بہتر ہوگئی اور ملک میں مختلف شعبوں پر عائد پابندیوں کو بڑی حد تک ختم کردیا گیا۔

آج (22 اگست) کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ ہاؤوس سے جاری بیان کے مطابق سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 274 نئے کیسز سامنے آئے۔

اس اضافے کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 965 ہوگئی۔

صوبے میں وبا سے مزید ایک مریض جاں بحق بھی ہوا جس کے بعد یہاں اموات کی مجموعی تعداد 2358 ہوگئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سندھ میں چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 286 مریض کورونا سے صحتیاب ہوگئے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس مزید 99 افراد کو متاثر کرگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹون کے دوران سامنے آئے نئے مریضوں کی تعداد 99 تھی، یوں مجموعی کیسز 96 ہزار 57 تک پہنچ گئے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 19 افراد کو متاثر کرگیا۔

اعداد و شمار کے مطابق سامنے آنے والے ان نئے 19مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 15 ہزار 472 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 118 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 35 ہزار 720 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 2 مریض وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 1248 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان کی یومیہ رپورٹ میں کورونا کے مزید 34 کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 12 ہزار 507 ہوگئی۔

بلوچستان میں ہفتہ کو کوئی نئی موت واقع نہ ہونے کے سبب جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 141 بر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 34 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 638 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

پاکستان میں سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 18 نئے مریض سامنے آئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان نئے 18 کیسز سے مجموعی کیسز 2 ہزار 241 تک پہنچ گئے۔

صحتیاب افراد

ملک میں صحتیاب افراد کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 94 فیصد مریض شفاپاچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں ایک ہزار 738 کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 75 ہزار 317 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 292600

اموات: 6234

صحتیاب: 275317

فعال کیسز: 11049

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 965 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 96 ہزار 57 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 35 ہزار 720 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 507 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 472 ، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 241 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 638 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2358

پنجاب: 2188

خیبرپختونخوا: 1248

بلوچستان: 141

اسلام آباد: 175

آزاد کشمیر: 61

گلگت بلتستان: 63


پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 90 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں